لکھنو ۔ 6 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے اسمبلی حلقہ پھارنڈہ کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی امیدوار کو بری طرح شکست ہوگئی اور وہ تیسرے مقام پر رہے۔ ان نتائج کا اعلان اتوار کو کیا گیا جس کے مطابق سماج وادی پارٹی کے ونود تیواری 9200 ووٹوں کی اکثریت سے کانگریس کے بریندر کمار چودھری کو شکست دی۔ گزشتہ سال منعقدہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو اترپردیش میں شاندار کامیابی حاصل ہوئی تھی جس میں اس کو 80 کے منجملہ 73 نشستیں حاصل ہوئی تھیں لیکن اس کے بعد سے تاحال 15 حلقوں میں منعقدہ ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو لگاتار 12 ناکامیاں ہوئی ہیں، جن میں لوک سبھا کا ایک حلقہ اور 11 اسمبلی حلقے شامل ہیں۔ گزشتہ سال ستمبر میں اترپردیش کے 11 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوئے تھے جن کے منجملہ 8 حلقوں میں بی جے پی کو شکست ہوئی تھی اور یہ تمام حلقے بی جے پی کے قبضے میں تھے۔