اترپردیش میں جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند:اکھلیش

لکھنؤ 20دسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی سربراہ و سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو نے ریاست میں نظم ونسق پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جرائم پیشہ افرا د کے حوصلے اتنے بلند ہیں کہ آگرہ میں اسکول سے لوٹ رہی طالبہ کو دن دہاڑے جلا دیا جاتا ہے ۔مسٹر یادو نے آج اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ ریاست میں ایک گھنٹے میں طالبہ کے ساتھ عصمت دری اور دوسری کے ساتھ پٹرول ڈال کر زندہ جلانے کے واقعات ثابت کرتے ہیں کہ ملزموں کو حوصلے کتنے بلند ہیں۔ ایسا دو ہی وجہوں سے ہوسکتا ہے یا تو شرپسند عناصر حکومت سے خائف نہیں ہیں یا انہیں حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔انہوں نے پہلے بھی کہا تھا کہ ریاست میں لاقانونیت کا دور دورہ ہے ۔ ملزموں کو حکومت کی سرپرستی حاصل ہے ۔ پارٹی کے اسمبلی لیڈر کی میٹنگ میں بھی نظم و نسق کا معاملہ اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی مسائل سے بی جے پی منھ چھپا رہی ہے کسانوں و نوجوانوں کے مسائل پر کوئی بحث نہیں ہوتی ہے بدعنوانی بھی ایک بڑا معاملہ ہے ریاست میں لاقانونیت کا راج ہے ۔