اترپردیش میں ترقی کا فقدان، ریاستی حکومت ذمہ دار

رائے بریلی 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں ترقی کے فقدان سماج وادی پارٹی کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے آج کہاکہ مرکز، اگرچہ فنڈس مہیا کررہا ہے لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے کام شروع نہیں کئے جارہے ہیں۔ سونیا گاندھی نے کہاکہ فنڈس مہیا کرنا مرکز کی ذمہ داری ہے لیکن ترقیاتی کام ریاستی حکومت کی طرف سے شروع کئے جاتے ہیں۔ سونیا گاندھی نے اپنے پارلیمانی حلقہ کی یاترا کے دوسرے اور آخری دن راہی بلاک کے بینو ہارہ گاؤں کا اچانک اور حیرت انگیز دورہ کیا جہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ’’اس گاؤں کی حالت تو دیکھئے جو سماج کے ایک مخصوص طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کا ہے جن کے تئیں ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنی کچھ ذمہ داری قبول کرے۔

راء کے سابق سربراہ کی بی جے پی میں شمولیت
نئی دہلی۔/25فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ریسر چ اینڈ انالائسس ونگ (RAW) کے سابق سربراہ سنجیو ترپاٹھی نے لوک سبھا انتخابات سے عین قبل آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی اور اس طرح انہوں نے اس روایت کو برقرار رکھا جہاں بڑے عہدوں سے سبکدوش ہونے والے افسران سیاست کو اپنا کیریئر بنالیتے ہیں۔ مسٹر ترپاٹھی 1972ء بیاچ کے آئی پی ایس آفیسر ہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں کئی سابق افسران نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے جن میں سابق معتمد داخلہ آر کے سنگھ، سابق پٹرولیم سیکریٹری آر ایس پانڈے اور اقوام متحدہ میں ہندوستان کے سابق مستقل نمائندہ ہردیپ سنگھ پوری شامل ہیں۔