قنوج 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے چیف منسٹر اکھلیش یادو نے اپنی بیوی ڈمپل کے پارلیمانی حلقہ میں انتخابی مہم کا آج آغاز کرتے ہوئے نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ایس پی حکومت اگرچہ ریاست کی ہمہ گیر ترقی کے لئے کام کررہی ہے لیکن گجرات صرف تشہیر میں سب سے آگے ہے۔ اکھلیش نے 17 پراجکٹوں کے آغاز اور دیگر 26 پراجکٹوں کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ 7,017 کسانوں کو قرض کی معافی کے اسناد حوالے کئے۔ بعدازاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہاکہ ’’گجرات صرف تشہیر میں آگے ہے اور اترپردیش مسلسل ترقی کررہا ہے۔ کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ وہ گزشتہ 10 سال کے دوران رشوت ستانی کی حوصلہ افزائی کرتی رہی اور ’’عوام کو صرف رونے پر مجبور کردیا‘‘۔ ایس پی کی کٹر حریف بی ایس پی کے بارے میں اکھلیش یادو نے کہاکہ گزشتہ حکومت کی میعاد میں تمام سرکاری فنڈس صرف مجسموں اور پارکوں پر خرچ ہوگئے تھے اور ترقیاتی کام پس پشت ڈال دیئے گئے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ اس حلقہ میں ایک میڈیکل کالج، ایک پیرا میڈیکل کالج بھی قائم کیا جائے گا۔
درگاہ پر حاضری کیساتھ راہول کی اترپردیش میں انتخابی مہم
بارہ بنکی ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی سیاسی اعتبار سے کلیدی اہمیت کی حامل ریاست اترپردیش میں 28 فبروری کو مشہور و معروف صوفی بزرگ حاجی وارث علی شاہ کی درگاہ پر حاضری دیتے ہوئے اپنی پارٹی کی مہم کا افتتاح کریں گے۔ کانگریس کے ذرائع نے کہا کہ راہول گاندھی دیوا میں روڈ شو کے آغاز سے قبل درگاہ شریف پر حاضری دیں گے۔ راہول نے 2009ء کے انتخابات سے قبل بھی اس درگاہ پر حاضری کا منصوبہ بنایا تھا لیکن بعض وجوہات کی بناء پر اس پروگرام کو منسوخ کردیا گیا تھا۔ کانگریس کے نائب صدر اس درگاہ پر پہلی مرتبہ حاضری دے رہے ہیں۔ ہندوستان کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لعل نہرو نے 1946ء میں اس درگاہ پر حاضری دی تھی کس کا دستاویزی ثبوت بھی موجود ہے۔