اترپردیش اسمبلی میں نئے قائد اپوزیشن کا انتخاب

پیشرو لیڈر سوامی پرساد موریہ نے دغا کی، مایاوتی کا الزام
لکھنؤ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج مقننہ پارٹی نے آج دلت لیڈر گیاچرن دینکر کو اترپردیش اسمبلی میں قائد اپوزیشن کی حیثیت سے نامزد کیا ہے جبکہ اس عہدہ پر فائز سوامی پرساد موریہ نے حال ہی میں بی ایس پی سے استعفیٰ دے کر حکمراں جماعت میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ یہ فیصلہ آج پارٹی سربراہ مایاوتی کی زیرصدارت مقننہ پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ مایاوتی کے خلاف موریہ کے پرچم بغاوت بلند کئے جانے کے بعد قائد اپوزیشن کے عہدہ کیلئے پارٹی کے 4 ارکان اسمبلی کے نام زیرغور تھے۔ لیکن دینکر کا نام سرفہرست تھا جوکہ علاقہ بندیل کھنڈ میں دلتوں کے مقبول عام لیڈر تصور کئے جاتے ہیں۔ دریں اثناء مایاوتی نے آج سوامی پرساد پر تنقید میں کہا ہے کہ وہ پارٹی کے بے وفا لیڈر تھے اور ہمیشہ اپنی برادری کی بجائے ذاتی مفادات کو مقدم رکھا۔