دہرہ دون۔/25جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) عام انتخابات میں کانگریس کی کراری شکست کے بعد ریاست اترا کھنڈ کے ضمنی انتخابات میں برسراقتدار کانگریس پارٹی نے زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے یہاں پر مودی کا جادو بے اثر کرکے رکھ دیا ہے، جہاں منعقدہ تین نشستوں پر ضمنی انتخابات میں کانگریس نے بی جے پی کے طاقتور امیدواروں کو بھاری اکثریت سے شکست دی ہے۔ اترا کھنڈ ضمنی انتخابات میں ریاست کے چیف منسٹر ہریش راوت نے تینوں نشستوں پر بی جے پی امیدواروں کو شکست دی ہے۔ بغیر انتخابی مہم چلائے کامیاب ہونے والے ہریش راوت کو حال ہی میں ہیلی کاپٹر کا توازن بگڑنے کی وجہ سے پیش آئے حادثہ میں ان کی گردن میں زبردست زخم آئے تھے۔ اس وجہ سے ہریش راوت مذکورہ ضمنی انتخابات میں مہم نہیں چلا پائے لیکن مسٹر راوت کی غیر حاضری کے انتخابی نتائج پر کوئی اثرات نہیں پڑے۔ راوت نے دھارچلا نشست سے انتخابات لڑکر بی جے پی کے بی ڈی جوشی کو 19600ووٹوں سے شکست دے دی۔
حال ہی میں بی جے پی نے پورے ملک میں 282نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے ہندوستانی سیاسی صورتحال کو یکسر تبدیل کردیا تھا مگر مذکورہ ضمنی انتخابات میں بی جے پی کا سکہ نہیں چل پایا اور بی جے پی کو تینوں نشستوں پر شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ واضح رہے کہ ہریش راوت کی نشست دھارچلا میں ووٹوں کی گنتی کے حوالے سے تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔ جسے دیکھتے ہوئے اس نشست پر 21جولائی کو مکرر رائے دہی کرائی گئی تھی۔ نئے انتخابات میں بھی ہریش راوت کو 42ہزار 833 ووٹوں میں سے 30ہزار 207 ووٹ حاصل ہوئے۔اترا کھنڈ میں بی جے پی اپنی حکومت بنانے کی کوشش کررہی تھی لیکن ضمنی انتخابات میں ناکامی کے بعد اس کی یہ کوشش ناکام ہوگئی اور مسٹر ہریش راوت کے چیف منسٹر کے عہدہ پربرقراررہنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔