دہرادون۔14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اتراکھنڈ میں، جہاں اتوار کو بلدی اداروں کے انتخابات منعقد ہونے والے ہیں، سیاسی جماعتوں کی جانب سے زور و شور کے ساتھ انتخابی مہم چلائی جارہی ہے جس مٹیں اہم قائدین ان کی پارٹی کے امیدواروں کے حق میں رائے دہندوں کو مائل کرنے کے لیے ایک کے بعد دیگر جلسوں سے خطاب کررہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کی گاڑیاں پوسٹرس، بیانرس اور ان کے نشان کے ساتھ ریاست کی سڑکوں پر گشت کررہی ہیں تاکہ ان کے امیدواروں کے حق میں رائے دہندوں کو راغب کیا جاسکے۔ امیدواروں کی جانب سے گھر گھر مہم بھی چلائی جارہی ہے تاکہ عوام سے ربط ہو۔ چیف منسٹر تریویندرا سنگھ راوت اور پردیش بی جے پی صدر اجئے بھتٹ اب پارٹی کی انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں جبکہ ایک دو دن میں بھوجپوری فلم اسٹار اور دہلی بی جے پی یونٹ کے صدر مونج تیواری اتراکھنڈ میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ چیف منسٹر نے دہرادون، رشیکیش، ہردوار اور کوٹدوار میں پارٹی کے میئر امیدواروں کے لیے مہم چلاچکے ہیں اس کے علاوہ چمولی اور اترکاشی ڈسٹرکٹ میں انتخابی جلسے منعقد کئے ہیں۔ چیف منسٹر اس مہم میں ان کی حکومت کی جانب سے روڈ اینڈ ریلویز دونوں کے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ پراجیکٹس کے کاموں میں تیزی کو نمایاں کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ کرپشن کے خلاف ان کی حکومت کے اقدامات کا تذکرہ کررہے ہیں۔ سابق چیف منسٹر اور نینی تال کے ایم پی بھگت سنگھ کوشیاری نے منگل کو ایک اپیل جاری کرتے ہوئے عوام سے کہا کہ اگر وہ یہ چاہتے ہیں کہ فلاحی اسکیمات کے فوائد عام آدمی تک پہنچیں تو بی جے پی کو ووٹ دیں۔