دہرادون، 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اتراکھنڈ کی چوتھی اسمبلی کا پہلا اجلاس گورنر کے خطاب کیساتھ ہی آج شروع ہو گیا۔گورنر ڈاکٹر کے کے پال نے اپنے خطاب میں معاشرے کے تمام طبقات کی ترقی کیلئے حکومت کی طرف سے مختلف منصوبوں کے شروع کئے جانے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کی موجودہ تعلیمی پالیسی کا جائزہ لیکریکساں اورمعیاری تعلیمی نظام لاگو کرنے کا کام کریگی اور تعلیمی مراکز کے طور پر تیار کریگی۔انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ کے عوام کو مناسب صحت کی خدمات کیلئے محروم نہ رہنا پڑے ، اس کیلئے کام کیا جائے گا۔ ریاست میں رائج ویر چندر سنگھ گڈھوالی منصوبہ میں اضافی طور پر پنڈت دین دیال اپادھیائے کے نام سے ایک انٹیگریٹیڈ نیوٹورزم پلان بھی حکومت کی طرف سے چلایا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ پہاڑی علاقوں کے ویران پڑے گھروں کو سیاحوں کی سہولیات سے لیس کرکے انہیں آباد کیا جائیگا نیز سیاحتی اسکیموں کو مزید موثر بنایا جائیگا۔ مسٹر پال نے کہا کہ ایکو ٹورازم، کاربیٹ سرکٹ، کومایوں ہیریٹیج اور قبائلی ثقافت پر مبنی سیاحت کو فروغ دیا جائیگا۔