اتحاد کے ذریعہ ہی تمام طبقات کی ترقی ممکن نظام آباد میں عید ملاپ تقریب سے رکن اسمبلی بی گنیش گپتا اور دیگر کا خطاب

نظام آباد۔ 23 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی نظام آباد اربن مسٹر بیگالہ گنیش گپتا کی جانب سے عیدملاپ تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس موقع پر انھوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنگا جمنی تہذیب کا مقصد اس وقت تکمیل پاتا ہے جب مسلمانوں کی عیدپر میری جانب سے تقریب انعقاد عمل میں لاتے ہوئے مبارکبادی کا پیام دیا جائے۔ عام طور پر ہوتا ہے کہ کسی ایک جانب سے عید ملاپ تقریب منعقد کی جاتی ہے اور اہم شخصیت یہاں پہنچ کر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے فرض کو انجام دیا جاتا ہے لیکن میں نے یہ مناسب نہیں سمجھا اوراپنی جانب سے تقریب کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے عید کی مبارکباد دی۔ اتحاد کے ذریعہ ہی تمام کام مکمل کئے جاسکتے ہیں اور اسی میں سبھی طبقات کی ترقی ممکن ہے ۔ میں کسی ایک فرقہ کا نمائندہ نہیں بلکہ تمام طبقات میرے لئے یکساں ہیں اورمیں نے اقلیتی طبقہ سے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیااور میں رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ٹی آرایس اقلیتی قائدین کی جانب سے کی گئی نمائندگی پر عیدگاہ کی توسیع کے کام کو انجام دیتے ہوئے مورم اندازی کی گئی اور اس کیلئے کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور ان تمام مسائل کو حل کرتے ہوئے یہ کام انجام دئیے گئے۔

مسٹر گنیش گپتا نے دعوت افطار میں عدم شرکت پر افسوس کاا ظہار کیا اور کہا کہ اقلیتوں سے دلچسپی ہونے کی وجہ سے ہی اقلیتی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ٹی آرایس حکومت اقلیتی مسائل سے بخوبی واقف ہے اور اس کے حل کیلئے چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو بیحد دلچسپی لے رہے ہیں۔ ماہ صیام میں پہلی مرتبہ روزہ داروں کیلئے ریاست بھر میں ایک ہی روز دعوت افطار کا اہتمام کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کیااور ملبوسات کی تقسیم عمل میں لائی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر سب کا ہے اور سب مل کر اس کی ترقی کیلئے تعاون کرنے کی صورت میں ہی ترقی ممکن ہوسکتی ہے ۔ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ رکن اسمبلی کی ذمہ داری ہے اور یہی کام انجام دیں گے لیکن رکن اسمبلی بغیر کسی تعاون کے کچھ بھی نہیں کرسکتے ۔ شہر کی ترقی کیلئے ہم سب مل کر کام انجام دیں تو بہتر ہوگا۔ وطن سے ہمیں کیا ملا یہ نہ سوچیں بلکہ وطن کیلئے ہم کیا کریں یہ سمجھ کر کام کریں تو بہترہوگا۔ انھوں نے کہا کہ چند گوشوں کی جانب سے ایک سال کے اندر کچھ نہیں کیا گیا کہہ کر تنقیدیں کی جارہی ہیں جبکہ ایک سال میںکوئی بھی کام تکمیل نہیں پاسکتا ، حکومت اپنی میعاد کے دوران تمام کاموں کو مکمل کرے گی۔

انہوں نے شہریان کو عید کی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی اقلیتی اسکیمات کو روبہ عمل میں لانے کیلئے مکمل اقدامات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر مسٹر رونالڈ روس نے کہا کہ اقلیتی طبقہ کی ترقی کے بغیر ترقی مکمل نہیں ہوسکتی ۔ شہر حیدرآباد کے بعد نظام آباد میں اقلیتوں کی آبادی ہے اقلیتی مسائل سے بخوبی واقف ہیں ۔ضلع ایس پی مسٹر چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ نظام آباد ضلع پولیس کی جانب سے ماہ صیام کے موقع پر امن و امان کی برقراری کیلئے موثر اقدامات کرتے ہوئے ٹرافک مسائل حل کئے گئے۔مئیر آکولہ سجاتا نے اپنی تقریر میں عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندو مسلم اتحاد کے ذریعہ تمام ترقیاتی کام انجام دئیے جاسکتے ہیں۔صدر ٹی آرایس ایگا گنگاریڈی نے حکومت سے تمام طبقات کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔ قائد ٹی آرایس ایس اے علیم نے  کہا کہ حکومت کی جانب سے مسلمانوں کی فلاح بہبودی کیلئے کئی ایک ترقیاتی پروگرام انجام دئیے جارہے ہیں۔ یٰسین صابری نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو نے تلنگانہ کا حصول جس انداز میں کیا ہے یہ قابل ستائش اقدام ہے اور اسی انداز میں اقلیتی مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔ اس جلسہ کی کارروائی نوجوان اقلیتی قائد نوید اقبال نے چلائی۔ اس جلسہ میںایم اے قدوس کانگریس کارپوریٹر، ٹی آرایس قائدین عمران شہزاد، اکبر خان ، رفیق قریشی کے علاوہ شیخ علی صابری ، ایم اے شکور صدر سینئر سٹیزن ویلفیر سوسائٹی، محمد فیاض الدین خازن و دیگر بھی موجود تھے۔
جلسہ کا آغاز مولانا کریم الدین کمال کی قرأت کلام پاک سے شروع کیا گیااور جلسہ کا اختتام مجاہد علی ببو کے شکریہ سے اختتام عمل میں آیا۔