اتحاد ٹوٹنے کیلئے کانگریس ذمہ دار نہیں : سونیا گاندھی

جموں ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج این سی پی صدر شردپوار کے اس ریمارک کو مسترد کردیا کہ مہاراشٹرا میں این سی پی کانگریس کے 15 سالہ پرانے اتحاد کو ختم کرنے کیلئے ان کی پارٹی (کانگریس) ذمہ دار ہے۔ سونیا گاندھی یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہی تھیں۔ شردپوار کے اس ریمارک کے بارے میں ان سے پوچھا گیا کہ اتحاد ٹوٹنے کی ذمہ دار کانگریس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد ٹوٹنے کی وجہ ہم نہیں ہیں اور نہ ہی ہم اور نہ ہی میرے فرزند راہول گاندھی ہیں۔ شردپوار نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی نے یہ نوٹ لیا ہیکہ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے ساتھ ان کا اتحاد زیادہ دن نہیں چلے گا۔ اس لئے کہ راہول گاندھی ان کی ٹیم کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ این سی پی اور کانگریس کے درمیان 1999ء میں اتحاد ہوا تھا۔ سونیا گاندھی کے بیرونی نژاد مسئلہ کے خلاف بغاوت کی قیادت کرتے ہوئے شردپوار نے اپنی علحدہ پارٹی تشکیل دی تھی۔ دونوں پارٹیاں گذشتہ 15 سال سے مہاراشٹرا میں اقتدار کی حصہ دار ہیں۔ این سی پی بھی مرکز میں کانگریس زیرقیادت یو پی اے حکومت 10 سال تک کابینہ کا حصہ رہی تھی۔