اتحاد ملت کیلئے اتباع نبی ؐ ضروری

سنگاریڈی /13 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نبی کرمؐ کی حیات مبارکہ انسانیت کیلئے رحمت ہے ۔ ان خیالات کا ا ظہار حامد محمد خان صدر ریاستی مسلم کونسل و صدر ایم پی جے آندھراپردیش نے ٹی این جی اوز بھون میں منعقدہ جماعت اسلامی ہند سنگاریڈی کے جلسہ سیرۃ النبیﷺ سے کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے محبت ایمان کیلئے شرط لازم ہے ۔ آپ ﷺ کی سیرت مبارکہ مسنتد و مسلم ہے ۔ آپ ﷺ کو اللہ نے تمام عالم کیلئے رحمت بناکر بھیجا ۔ آپ ﷺ کی سیرت کو عام انسانیت سے واقف کروانا ہم اہل ایمان کی ذمہ داری ہے ۔

لہذا ہمیں آپﷺ کی سیرت مبارکہ کے مطالعہ کے ذریعہ دل و ذہن کومنور فرمانے کی ضرورت ہے ۔ تب ہی ہم آپ ﷺ کی سیرت مبارکہ سے دیگر انبائے وطن کو واقف کرواسکتے ہیں ۔ اس پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے کہ نبی کریم ﷺ ساری انسانیت کیلئے مبعوث فرمائے گئے اور آپ ﷺ کی تعلیمات ہی آخرت میں کامیابی کی ضامن ہیں ۔ ’’ اتحاد ملت تعلیمات نبویﷺ کی روشنی میں ‘‘ عنوان پر مفتی تنظیم عالم قاسمی استاد حدیث و جنرل سکریٹری ریاستی مسلم کونسل آندھراپردیش نے کہا کہ آپ ﷺ کی بعثت کا مقصد بگڑی ہوئی قوم کو ایک کنبہ کی شکل میں تیار کرنا اور واحدانیت کی تعلیم کے ذریعہ بندگان خدا کو رب حکیم سے جوڑنا تھا ۔ ہمیں اتباع سنت پر عمل آوری کے تحت ملت اسلامیہ گروہ بندی ، مسلکی اختلافات کو دور کرنا ہوگا ۔ اتباع نبی ﷺ کی وجہ ہی سے ملت میں اتحاد ہوسکتا ہے ۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات ہی تھیں کہ اوس و خزرج قبیلے ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہوا کرتے تھے ۔ جب داخل اسلام ہوئے تو سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اخوت و بھائی چارگی پروان چڑھی ۔

بحیثیت مسلم ہمیں اپنی صفوں میں اس طرح کی کیفیات کو فروغ دیتے ہوئے ملی اتحاد سے رہنے کی ضرورت ہے ۔ ایک اللہ کی بنیاد پر ایک رسول ﷺ کی بنیاد پر ایک کتاب کی بنیاد پر ہم ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے ۔ یہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ ملکی حالات اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جارہے ہیں۔ اتحاد و اجتماعیت کے ساتھ اہل وطن کو اسلام اور نبی کریم ﷺ کے مشن سے واقف کروانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ پروگرام کا آغاز محمد عبدالواحد خان رکن جماعت ناظم بیت المال کی تلاوت معہ ترجمانی سے ہوا ۔ افتتاحی کلمات محمد اطہر محی الدین شاہد ناظم اسلامی معاشرہ نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا احسن منظر قاسمی امام مدینہ مسجد و استاد جامعہ الھدی سنگاریڈی نے نعت شریف پیش کی ۔ محمد عبدالکریم نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ سلیمان قریشی نے اظہار تشکر پیش کیا ۔