اتحادی فوج کے فضائی حملے میں حوثیوں کے ایلیٹ کمانڈر سمیت 15 ہلاک

دبئی۔27ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں عرب اتحادی فوج کے ایک فضائی حملے میں حوثیوں کی ایلیٹ یونٹ کے کمانڈر کیپٹن علی احمد المعوضی المعروف ابو مقدام اپنے 14 ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔یہ کارروائی مشرقی الحدیدہ میں 10 کلومیٹر کے علاقے میں کی گئی۔ یمنی فوج کیایک ذریعے کیمطابق المعوضی کو عرب اتحادی فوج کے طیاروں نے حوثیوں کیٹھکانوں پر بمباری کیدوران نشانہ بنایا۔ادھر یمن سے ’العربیہ‘ کے نامہ نگار نے بدھ کے روز اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جنوبی الحدیدہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں بالخصوص زبید شہر اور الجراحی ڈاریکٹوریٹ کے اطراف میں حوثیوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔عرب اتحاد نے بھی اسی علاقے میں حوثیوں کی مدد کو آنے والی کمک کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں ان کا بھاری جاری نقصان ہوا ہے۔ یمنی فوج نے گذشتہ جمعہ کو الحدیدہ کے مشرق میں واقع ایک فضائی دفاعی کیمپ پر قبضے کا اعلان کیا تھا۔یمنی فوج کی ایلیٹ بریگیڈز نے کہا تھا کہ اس کے یونٹوں نے الحدیدہ کے مشرق میں کیلو 16 کے علاقے میں اس دفاعی کیمپ کے علاوہ اس کے آس پاس میں واقع فارموں پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔