اب سرکاری اسکولوں میں بھی پیرنٹس ۔ ٹیچر میٹنگ

کارپوریٹ شعبہ 85 سرکاری اسکولوں کوگود لینے تیار :رکن اسمبلی نوئیڈا پنکج سنگھ

لکھنؤ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یوپی کے ضلع نوئیڈا میں سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے والدین کسی قدر خوشی کا اظہار کرسکتے ہیں، کیونکہ اب ان کے حلقہ کے رکن اسمبلی پنکج سنگھ سرکاری اسکولوں میں تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے کچھ اہم ترین قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سے سب سے اہم کام یہ ہے کہ اب وہ اپنے حلقہ کے تمام سرکاری اسکولوں میں خانگی اسکولوں کی طرح پیرنٹس ۔ ٹیچر میٹنگس کے انعقاد کو یقینی بنانے کے ساتھ سرکاری اسکولوں کی بہتری کیلئے کارپوریٹ شعبوں سے وابستہ افراد کو ان اسکولوں سے جوڑ رہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رکن اسمبلی پنکج سنگھ نے کہا کہ میری کوشش یہ ہے کہ ریاست کے سرکاری اسکولوں کے حالات کو ’’کارپوریٹ سماجی ذمہ داری‘‘ کے ذریعہ بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف نوئیڈا میں تقریباً 85 سرکاری اسکولس کو کارپوریٹ شعبہ نے گود لینے کی رضامندی ظاہر کی ہے۔ عملی طور پر سرکاری اسکولوں کی بہتری کو روبہ عمل لانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بی این سنگھ سے 16 جنوری کو بات ہوئی ہے جس میں یہ طئے ہوا کہ ضلع کے تمام اسکولوں میں پیرنٹس ۔ ٹیچرس میٹنگ کو لازمی قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طریقہ کار (اولیائے طلبہ سے ٹیچروں کی ملاقات) یہ طریقہ کار بچوں کی تعلیمی ارتقاء کیلئے بہت بہتر تصور کیا جاتا ہے جو اب تک صرف خانگی اسکولوں تک ہی محدود ہے، تاہم ہم نے اسے سرکاری اسکولوں میں بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔