کراچی ۔یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ انہیں ہندوستانی اوپنر روہت شرما کے خیالات سے کوئی مطلب نہیں، انہیں اپنی رائے دینے کا پورا حق ہے اور وہ ایک غیرمعمولی بیٹسمین ہیں۔گزشتہ سال ایشیا کپ ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ میں محمد عامر نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے روہت شرما سمیت تین بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ پاکستان کو اس مقابلے میں شکست ہوئی تھی لیکن اس میں عامر کے اسپیل کی بہت تعریف کی گئی تھی۔جب میچ کے بعد اس بارے میں روہت شرما سے سوال کیا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ محمد عامر کے بارے میں بات کرنا بند کر دیں، وہ واحد بولر نہیں بلکہ پاکستان کے پاس دیگر پانچ بولرس اور بھی ہیں جو ایک عرصے اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔روہت نے کہا تھا کہ عامر کے بارے میں بہت زیادہ بات کی جاتی ہے اور بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہوئے حتیٰ کہ بعض اوقات وسیم اکرم سے موازنہ شروع کردیا جاتا ہے جو غلط ہے۔ وہ ایک عام سے بولر ہیں۔تاہم محمد عامر نے اس بارے میں حال ہی میں پوچھے گئے سوال پر کہا کہ روہت شرما کو اپنی رائے رکھنا کا پورا حق ہے لیکن ہو سکتا ہے کہ اب ان کی رائے بدل چکی ہو۔یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں محمد عامر نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے پورے ٹورنمنٹ میں رنز کے انبار لگانے والے ہندوستانی ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں شکھر دھون، ویراٹ کوہلی اور روہت شرما کو آؤٹ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کی کامیابی کی راہ ہموار کی تھی اور عامر نے یہ بات اسی تناظر میں کی۔عامر نے کہا کہ مجے دوسرے کی اپنے متعلق آرا سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں صرف کارکردگی پر توجہ دیتا ہوں اور ہر شخص کو یہ رائے رکھنے کا حق ہے کہ وہ کسی کو عام بولر سمجھے، اچھا بولر یا غیرمعمولی، میں اس بارے میں سوچ کر پریشان نہیں ہونا چاہتا۔لیکن فاسٹ بولر عامر نے واضح کیا کہ وہ روہت شرما کی بہت عزت کرتے ہیں اور انہیں ہرگز ایک عام بیٹسمین نہیں سمجھتے۔ ایک بات واضح کرتا چلوں کہ میں روہت کو عام بیٹسمین نہیں سمجتا، وہ ایک غیرمعمولی بیٹسمین ہیں اور ہندوستان کیلئے ان کا ریکارڈ بہت شاندار ہے۔