اب ثانیہ مرزا کی کتاب‘ تاریخ کا انتظار

اندور۔8نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی نمبر ایک ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اپنی خودنوشت کے متعلق اظہار خیال کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنی کتاب تحریر کرچکی ہیں ‘ تاہم اس کی اشاعت کے متعلق ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ یہاں گرلز کالج میں منعقدہ ایک ایونٹ میں شرکت کے دوران ثانیہ مرزا نے اپنی خودنوشت کے متعلق کہا ہے کہ وہ اپنی کتاب کے 26 ابواب تحریرکرچکی ہیں لیکن زندگی میں روزانہ کی اساس پر کئی اہم واقعات رونماہورہے ہیں لہذا ابواب میں اضافہ بھی کیا جاناہے ۔ تاہم کتاب کی اشاعت کے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیںکیا گیا ہے ۔ ثانیہ مرزا نے کہا کہ ان کے متعلق بہت کچھ لکھا جاچکا ہے جو جزوی طور پر صحیح اور جزوی طورپر غلط ہے لہذا وہ سمجھتی ہیں کہ ’’ اپنی کہانی اپنی زبانی‘‘ کہنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام میرے حالات سے واقفیت حاصل کرسکیں ۔ سچن تنڈولکر کی خود نوشت ’’پلینگ اِٹ مائی وے ‘‘ کے تنازعات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سچن تنڈولکر کا دفاع کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے کہا کہ ہم تنازعات کو شامل کرتے ہوئے کتاب کی فروخت کا حربہ استعمال نہیں کرتے جب کہ سچن تنڈولکر تو ایک لیجنڈ کھلاڑی ہیں اور وہ ایسا تو ہرگز نہیں کریں گے ۔