پاور لفٹر چمپئن لاونیا کی تہنیتی تقریب ۔ سماجی کارکن رانی تھوٹا و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مائی کڈز اسکول ٹولی چوکی اور ویسٹرن انٹرنیشنل اسکول حسینی علم کی جانب سے ایشین پاور لفٹنگ چمپئن وی لاونیا گوڑ کے اعزاز میں تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ ضلع کھمم کے غریب خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود لاونیا نے ویٹ لفٹنگ کریئر شروع کیا اور معاشی رکاوٹوں کو جھیلتے ہوئے حال ہی میں ایشین پاور لفٹنگ چمپئن بن کر ابھری۔ ویٹ لفٹنگ میں کریئر کو آگے بڑھانے کیلئے غذا پر خاص توجہ اور اچھے ٹرینرز درکار ہوتے ہیں۔ تاہم لاونیا پر اسپانسرز کی نظر نہیں پڑی۔ پھر بھی انھوں نے محنت جاری رکھتے ہوئے ایشین چمپئن کا خطاب جیتا۔ وہ آئندہ بھی ملک کی نمائندگی کی آرزو رکھتی ہے۔ ایسے ہونہار اور ابھرتے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ممتاز سماجی کارکن رانی تھوٹا نے محمد امام تحسین کے تعاون سے تہنیتی تقریب منعقد کی۔ اس موقع پر رانی تھوٹا نے کہا کہ ہونہار کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے سماج پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ اس لئے ہر رضاکارانہ تنظیم کو اس کام میں آگے آنا چاہئے۔ سماجی کارکن امام تحسین نے بتایا کہ بالخصوص پرانا شہر حیدرآباد میں ہونہار کھلاڑیوں کی کثرت پائی جاتی ہے لیکن انھیں سہولتیں اور معاشی مدد میسر نہ ہونے کی وجہ سے ان کی ساری خوبیاں ضائع ہوجاتی ہیں۔ انھوں نے حکومت تلنگانہ سے ایسے کھلاڑیوں کی ضروری حوصلہ افزائی اور مثبت اقدامات کی اپیل کی ہے۔ اس موقع پر ایجوکیشنل کنسلٹنسی EduUrge کی سی ای او چنتالوری منجولا گوڑ، صدر مہیلا منڈل ڈاکٹر انور سلطانہ، سماجی کارکن زین فاطمہ، آئی ٹی انجینئر محمد عارف، نیر جہاں، صدر یتیم خانہ و بیت المعمرین حسنیٰ نیلوفر اور محمد اسلم و دیگر بھی موجود تھے۔