ابھرتی ہوئی آر سی بی کو آج ممبئی انڈینس سے سخت مقابلہ

ممبئی۔9مئی ( سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) کے ایک میچ میں کل وانکھیڈے اسٹیڈیم پر ممبئی انڈینس اور رائل چیلنجرس بنگلور کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جس میں میزبانوں کی لگاتار جیت کا سلسلہ منقطع کرنا مہمانوں کیلئے ضروری ہوگیا ہے ۔ ممبئی انڈینس حالیہ پانچ میچوں میںلگاتار کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے دیگر ٹیموں پر اپنے مستحکم موقف کا عملی مظاہرہ کرچکے ہیں جس سے ان کے حوصلے کافی بلند ہیں اور آر سی بی کو شکست دیتے ہوئے لگاتار چھٹویں کامیابی حاصل کرنے کیلئے بے چین ہے تاکہ اس کامیابی کیلئے وہ پلے آف میں اپنی رسائی کو یقینی بناسکیں ۔ ممبئی انڈینس نے گذشتہ شب ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم پر بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبانوں کو ان ہی کے ہوم گراونڈس پر شکست دی جس سے یقیناً ان ( آیم آئی) کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں جو آر سی بی کے خلاف مزید بہترین کھیل کی راہ ہموار کریں گے ۔ ممبئی انڈینس نے گذشتہ شب چینائی سوپر کنگس کو ان ہی کے میدان پر چھ وکٹس سے شکست دی حالانکہ ممبئی کے طوفانی بولر لستھ ملنگا سیاسی وجوہات کی بناء پر چینائی کا سفر بھی نہیں کرسکتے ہیں ‘

لیکن ممبئی انڈین کامیابیوں کے تاج میں سرخاب کے پر کی اہمیت رکھنے والے ملنگا کل کے میچ میں شامل رہیں گے ۔ ممبئی انڈینس کی حالیہ پانچ کامیابیوں میں کپتان روہت شرما ‘ کیرون پولارڈ ‘ ملنگا اور ہربھجن سنگھ کا نمایاں رول رہا ہے ۔ اس میں شک نہیں کہ اس ٹیم کو ماضی میں چار ناکامیاں بھی ہوئی ہیں جس سے ابھرنے کیلئے اس کے تمام کھلاڑیوں نے شانہ بہ شانہ مستعدی کا مظاہرہ کیا ۔ اوپنرس سنڈل سائمنس اور پارتھیو پٹیل جارحانہ بیٹنگ سے اننگز کی شروعات کررہے ہیں ‘ بھاری ہدف طئے کرنے یا ہدف کے تعاقب میں امباٹی رائیڈو بھی اپنا رول نبھا رہے ہیں ۔ نیوزی لینڈ کے طوفانی بولر کوری اینڈرسن کے زخمی ہونے کے بعد ان ہی کے ہم وطن مچل مک کلینھاگن بھی جواں سال اسپنر جگدیشیا سچیت کے ساتھ ٹیم میں آگئے ہیں ۔

آر سی بی پر ایک کامیابی ممبئی انڈینس کے پلے آف امکانات کو تقویت پہنچا سکتی ہے ‘ لیکن میزبانوں کیلئے اپنی روایتی حریف آر سی بی سے یہ مقابلہ آسان بھی نہیں رہے گا ۔ ممبئی انڈینس کو اپنی اننگز کے آغاز اور اختتام پر بالخصوص مچل اسٹارک سے خطرہ لاحق رہے گا ۔ اسٹارک رواں سیزن میں صرف سات میچوں میں تاحال 16وکٹس حاصل کرچکے ہیں جبکہ بیٹنگ آرڈر میں کرس گیل ‘ ویراٹ کوہلی اور اے بی ڈی ویلرس جیسے طوفانی کھلاڑی موجود ہیں ۔ یہ تینوں کھلاڑی انفرادی طور پر 300رنز کا نشانہ عبور کرچکے ہیں ۔ ان کی کامیابیوں پر کوئی شک نہیں لیکن اصل خطرہ اُس وقت ہی لاحق ہوسکتا ہے جب یہ تمام تینوں بیٹسمین ایک کے بعد دیگرے اجتماعی طو رپر ناکام ہوجائیں ۔ آر سی بی 11پوائنٹس کے ساتھ پانچویں مقام پر ہے اور ہنوز چار میچ کھیلنا باقی ہے ۔ ممبئی انڈینس جیسی طاقتور ٹیم کے خلاف اس کامیابی پلے آف رسائی کیلئے ایک بہترین موقع ثابت ہوسکتی ہے ۔