ابو غریب کی مسجد میں خود کش دھماکہ، 9 نمازی شہید، 28 زخمی

بغداد۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے دارالحکومت بغداد سے 20 کلو میٹر مغرب میں واقع تاریخی شہر ابو غریب کی ایک مسجد میں خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم 9 نمازی جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔ مقامی پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ابو غریب شہر کے البوحریت قصبے کی الزیدان کالونی کی مسجد میں خود کش بمبار عین اس وقت داخل ہوا جب مسجد میں نماز ادا کی جا رہی تھی۔ خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 9 نمازی شہید اور 28 زخمی ہوگئے۔مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شام مسجد النور میں پیش آیا۔ خیال رہے کہ یہ علاقہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ ’داعش‘ کے زیرقبضہ علاقوں سے کوئی چھ کلو میٹر کی مسافت پر واقع ہے۔ یہاں قریب ترین شہر فلوجہ ہے جسے حال ہی میں عراقی فوج نے داعش کے قبضے سے واپس لیا ہے۔