ابو ظہبی ٹسٹ: سری لنکا ٹاس جیت کر 227/4

ابو ظہبی۔28ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے خلاف دو ٹسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے آج محتاط انداز اختیار کرتے ہوئے 227/4 پر پہلے روز کے کھیل کا اختتام کیا۔ کپتان دنیش چندیمل 60 اور این ڈکویلا 42 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ابو ظہبی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں چندیمل نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کرونا رتنے اور کوشال سلوا نے سری لنکا کو 34 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد کوشال سلوا کو حسن علی نے 12 رنز پر بولڈ کیا۔تھوڑی ہی دیر میں تھری مانے بھی بغیر کوئی رن بنائے یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، اس طرح یاسر شاہ نے ٹسٹ کرکٹ میں 150 وکٹیں مکمل کرلیں۔یاسر نے کھانے کے وقفے سے پہلے آخری اوور میں سری لنکا کی تیسری وکٹ بھی گرا دی۔پہلے ٹسٹ میں سری لنکا کی پاکستان کے خلاف محتاط بیٹنگ جاری ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی 2017 جیتنے والے کپتان سرفراز احمد پہلی مرتبہ پاکستان ٹسٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ ٹاس کے دوران سرفراز نے کہا کہ پاکستان ٹسٹ ٹیم کی قیادت کرنا ان کیلئے باعث فخر ہے۔ ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ وکٹ بلے بازوں کیلئے ساز گار ہے اور اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بلے بازی کرنے کا ہی فیصلہ کرتے۔
دوسری جانب سری لنکا کے کپتان دنیش چندی مل نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح حاصل کر کے جیت کے ٹریک پر ا?جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی کی وکٹ بہت اچھی ہے اور ہم بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔پاکستان ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، سمیع اسلم، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، محمد عامر، یاسر شاہ، محمد عباس اور حسن علی شامل ہیں۔ سری لنکا ٹیم کی قیادت دنیش چندی مل کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوشل مینڈس، ڈیمتھ کرونارتنے، کوسل پریرا، لہیرو تھریمننا، نیروشان ڈک ویلا، دل روان پریرا، رنگانا ہیراتھ، سرنگا لکمل، لکشن سندکن اور نوان پردیپ شامل ہیں۔