دبئی ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں ایک ہندوستانی شخص نے 12 ملین درہم کی ماہانہ لاٹری جیت لی ۔ جارج متھیو نے بگ ٹکٹ ابوظبی پر ٹکٹ نمبر 175342 خریدا تھا جس کو آج فاتح قرار دیا گیا ۔ انگریزی روزنامہ خلیج ٹائمز نے یہ اطلاع دی اور کہا کہ دیگر چھ ہندوستانیوں کو بھی اس لاٹری میں مختلف انعامات حاصل ہوئے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حالیہ عرصہ کے دوران متحدہ عرب امارات میں متعدد ہندوستانیوں کو ایسے کئی خطیر مالیتی انعامات حاصل ہوئے ہیں۔ کیرالا سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ تاجو متھیو کو اس سال جولائی میں 1.9 ملین درہم کا جیک پاٹ ملا تھا ۔ قبل ازیں اپریل کے دوران ابوظبی کے ریفل ڈرا میں دبئی کے ایک ہندوستانی ڈرائیور کو 12 ملین ( ایک کروڑ 20 لاکھ) درہم کا جیک پاٹ لگا تھا ۔ جنوری کے دوران ابوظبی میں بھی کیرالا کے ایک اور شخص کو بھی 12 ملین درہم کا انعام حاصل ہوا تھا۔