حیدرآباد۔/23ستمبر، ( سیاست نیوز) گینگسٹر نعیم کے ظلم و ستم سے متاثرہ افراد کی جانب سے پولیس میں شکایتوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ ابراہیم پٹنم منڈل سے تعلق رکھنے والے 40کسانوں نے آج ایڈیشنل جنرل آف پولیس لاء اینڈ آرڈر مسٹر انجنی کمار سے ملاقات کرتے ہوئے نعیم اور اس کی ٹولی کے خلاف اپنی شکایت درج کروائی۔ بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ کسانوں نے پولیس اعلیٰ عہدیدار سے ملاقات کے دوران یہ بیان کیا کہ نعیم اور اس کے ٹولی کے ارکان نے 350 ایکر اراضی کو جبراً رجسٹری کروائی تھی اور اس سلسلہ میں پولیس سے شکایت کرنے پر جان سے ماردینے کی دھمکی دی تھی۔ جاریہ سال 8اگسٹ کو شاد نگر ٹاؤن میں گینگسٹر بھونگیر نعیم کے انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے کے بعد اس کی غیر قانونی سرگرمیوں کا پتہ چلانے کیلئے تشکیل دی گئی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم ( ایس آئی ٹی ) اس سلسلہ میں شدت سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک 99 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔