ابراہیم پٹنم میں دوسرے دن بھی دھماکہ ، دو زخمی

حیدرآباد۔ 2 اکتوبر (پی ٹی آئی) شہر کے مضافاتی علاقہ ابراہیم پٹنم میں گزشتہ روز کے معمولی دھماکہ میں ایک شخص زخمی ہونے کے دوسرے دن آج اسی مقام پر ہوئے دوسرے دھماکہ میں بشمول خاتون، دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کمشنر (رچا کنڈہ) ایم مہیش بھگوت نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’یہ واقعہ دوپہر 2:50 بجے پیش آیا۔ جب ایک شخص زیر موجود دھماکہ خیز مواد پر قدم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ فارنسک ماہرین اور بموں کو ناکارہ بنانے والا عملہ مقام واقعہ پر پہونچ کر تحقیقات کا آغاز کرچکا ہے۔ بھگوت نے مزید کہا کہ کیچڑ میں مدفون دھماکو مواد ممکن ہے کہ بارودی چھڑی ہوسکتا ہے۔ مقامی عوام بالعموم جنگلی خنزیروں کو ڈرا کر بھگانے کیلئے اس قسم کی بارودی چھڑیاں استعمال کیا کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ کل شام اسی علاقہ میں اشیائے خوردونوش کی ایک ٹھیلہ بندی کے قریب ایک ڈبے میں رکھے ہوئے کیروسین کے سبب دھماکہ ہوا تھا جس میں ایک شخص زخمی ہوا تھا۔ اس علاقہ کا معائنہ کرنے والے سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ یہ کم شدت کا معمولی دھماکہ تھا، تاہم ایک ہی مقام پر لگاتار دوسرے دن دوسرے دھماکے کے بعد سارے علاقہ میں خوف و سنسنی پھیل گئی ہے۔