حیدرآباد ، 2 جنوری (سیاست اسپورٹس ڈیسک) حیدرآبادی کرکٹر ابراہیم خلیل نے رانجی ٹروفی میں بحیثیت وکٹ کیپر 200 شکار مکمل کرلئے جو منفرد کارنامہ ہے۔ اس زبردست سنگ میل کا وقت خلیل کیلئے مزید بہتر نہیں ہوسکتا تھا جو بلاشبہ مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ انھیں اس سیزن ایک میچ کیلئے ڈراپ کیا گیا اور پھر اگلے میچ میں واپس طلب کرلیا گیا۔ چنانچہ 32 سالہ خلیل نے سرویسز کے خلاف یہاں چہارشنبہ کو راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں ڈرا میچ کو اپنے کارنامہ سے یادگار بنا لیا ہے۔ انھوں نے 2002-03ء سیزن میں اپنے رانجی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ کسی حیدرآبادی وکٹ کیپر کی سابقہ بہترین کارکردگی یوراج سنگھ (169 شکار) تھی۔ خلیل 14 شکار (بشمول 11 کیچ) کا ورلڈ ریکارڈ بھی رکھتے ہیں، جو 2011ء میں آسام کے خلاف گوہاٹی میں منعقدہ رانجی ٹروفی میچ میں درج ہوا تھا۔ خلیل نے کہا: ’’کسی کا بھی کوئی کھیل میں مایوس کن دن ہوسکتا ہے۔ اس کے بعد 200 شکار (177 کیچ ، 23 اسٹمپنگس ، 54 رانجی میچز) مکمل کرنے والا اولین حیدرآبادی بن جانا ایسی بات ہے جس پر مجھے فخر رہے گا۔ وکٹ کیپر ؍ بیٹسمن خلیل ایچ سی اے لیگس میں انسکانس کیلئے کھیلتے ہیں اور اب وہ اپنے لئے نئے نشانے مقرر کرنے کے مشتاق ہیں۔ انھوں نے کہا، ’’مجھے میدان پر درمیان میں رہتے ہوئے مزہ آتا ہے۔ میرے لئے فی الحال اس کے بغیر زندگی کاکوئی تصور نہیں ہے۔ میں جانتا ہوں کہ صرف پُراستقلال مظاہرے لئے آپ کی مدد کریں گے۔