اقلیتی بہبود ی اسکیمات میں لاپرواہی پر احتجاج کرنے مسلم لیگ کا انتباہ
محبوب نگر ۔/26 اپریل ( ای میل)دیگر پسماندہ طبقات کی بہبود ی اسکیمات پر وقت مقرررہ میں ہی عمل آوری کرنے والی ریاستی حکومت اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری پر لا پرواہی کا مظاہرہ کر رہی ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ اس حکومت کو اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی پرواہ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرزا قدوس بیگ خازن ریاستی مسلم لیگ نے صحافت کو جاری ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال سے امام و موذنین کے مشاہرہ کی عدم تقسیم سے ائمہ و موذنین بے حد اضطراب کے عالم میں ہیں، حکومت کی جانب سے پھر یہ کہا جاتا ہے کہ ائمہ اور موزنیں پھر ایک بار اپنی تفصیلات جمع کروائیں اور اس طرح مشاہرے کی تقسیم یں مزید تاخیر کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ماہ صیام قریب ہے اور ہر سال مساجدکی آہک پاشی کے لئے دی جانے والی امداد کی اب تک تقسیم سے متعلق کوئی شکل نظر نہیں آرہی ہے۔انہوں نے مزیدکہا محکمہ ایس سی و بی سی کارپوریشنس کی جانب سے بیروزگار نوجوانوں کے لئے سال 2016-19سبسیڈی پر قرض فراہمی کی اسکیم پر مکمل عمل آوری ہو چکی ہے لیکن محکمہ اقلیتی مالیتی کارپوریش کی جانب سے ابھی تک اس کا نوٹٖیفکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا ۔ حالانکہ وزارت اقلیتی بہبود وزیر اعلی کے سی آر کے پاس ہے لیکن اس وزارت کے سبھی بہبودی پروگرام تعطل کا شکار ہیں، نائب وزیراعلی محمد محمود علی صرف زبانی تیقن دے رہے مگر عمل آوری ندارد ہے ۔مرزا قدوس بیگ نے کہا کہ مسلم لیگ کی جانب سے حکومت کو انتباہ دیا جاتا ہے کہ وہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری کرے ورنہ احتجاج ناگزیر ہوگا۔