آپ کا ووٹ آج جو خریدے گا کل وہ آپ کو بیچ دے گا

ممبئی ۔ 21 ۔ جنوری ( سیاست نیوز ) اپنے بچوں کا روشن مستقبل کتنے میں بیچیں گے آپ ؟ کیا قیمت لگائہیں …!! ایک بوتل شراب ، ایک پوری گیہوں ، ریڈیو ، ٹی وی ، ایک ساڑی یا دو چار ہزار روپئے … سوچ لیجئے ، کیونکہ پھر آرہے ہیں وہ کچھ امیدوار آپ کا ووٹ خرریدنے ، یاد رکھئے آج جو آپ کا ووٹ خریدے گا وہ کل آپ کو بیچ دے گا ، اس بار ایک بات طے کرتے ہیں کہ جو بھی امیدوار ہمارا ووٹ خریدنے کی کوشش کرے گا اُسے تو ہم ہرگز ووٹ نہیں دیں گے اپنے دیش ( ملک ) کا سودا اپنے بچوں کے روشن مستقبل کا سودا ہم ہرگز نہیں کریں گے ۔ سچے کا انتخاب کریں گے ، اچھے کا انتخاب کریں گے ۔

’’ اپنی بیٹی کا رشتہ طے کرنے سے پہلے کتنا سوچتے ہیں ہم لڑکا کس خاندان کا ہے کتنا پڑھا لکھا ہے ۔ اس کی چال چلن ٹھیک ٹھاک ہے ۔ یہاں تک کہ کچھ لوگ تو اپنے ہونے والے داماد کی جاسوسی کرواتے ہیں ، اس کا پورا کٹھا چھٹا کھول کر رکھدیتے ہیں تب جاکر سونپتے ہیں اپنی بیٹی کا ہاتھ کسی کے ہاتھ میں لیکن جب ہم اپنا دیش ( ملک ) کسی کے ہاتھ میں سونپتے ہیں تو کیا ہم اتنا خیال رکھتے ہیں ۔ ذرا سی بھی چھان بین نہیں کرتے یہ نہیں دیکھتے کہ ہمارے حلقہ میں کتنے امیدوار ہیں ان میں سے کتنے پڑھے لکھے ہیں اور کتنے امیدوار فوجداری مقدمات کا سامنا کررہے ہیں ۔ اسی طرح ہم سبزی خریدتے وقت بھی بڑی احتیاط برتتے ہیں ۔

ٹماٹر کی خریدی کے دوران چن چن کر ٹماٹر اپنی تھیلی میں ڈالتے ہیں لیکن جتنا وقت ہم سبزی کی خریدی پر توجہ دیتے ہوئے گذار دیتے ہیں اس کا آدھا وقت بھی امیدواروں کی چھان بین پر لگادیں تو ہمارے بچوں اور ملک کا مستقبل سنوانے والے امیدواروں کا انتخاب کیا جاسکتا ہے ۔ آپ کے حلقہ میں کتنے امیدوار ہیں ان میں کتنے تعلیمیافتہ اور ایسے کتنے امیدوار ہیں جو فوجداری مقدمات کا سامنا کررہے ہیں اس بارے میں جاننا ہو تو ایس ایم ایس کیجئے ،5607 اور ٹائپ کیجئے MYNET-PINCODE یا پھر کال کیجئے 1800110440 پر آپ کو تمام جانکاری حاصل ہوگی ۔ سچے کا انتخاب کیجئے اچھے کا انتخاب کیجئے ۔ جئے ہند … ۔

یہ زرین مشورے عوام کو بالی ووڈ کے ممتاز اداکار و ہدایت کار ، کہانی نویس اور فلمساز عامر حسین خان دے رہے ہیں ۔ آپ عامر حسین خان کا نام پڑھ کر یہ سمجھ رہے ہوں گے کہیں یہ ہندی فلمی صنعت کے مشہور و معروف شخصیتوں طاہر حسین اور ناصر حسین کے بھی تو نہیں ہیں ؟ آپ کا ایسا سوچنا اور سمجھنا غلط ہے ۔ بلکہ بالی ووڈ کے مشہور و معروف ہیرو عامر خان ہیں جنہوں نے اپنے چچا ناصر خاں کی فلم یادو کی بارات میں ایک چائلڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے اپنے والد طاہر حسین کا نام روشن کردیا تھا ۔

48 سالہ عامر خان آج نہ صرف ہندوستان بلکہ ساری دنیا میں شہرت وہ اپنی فلمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور ہر مد پر وہ بلاجھجھک اظہار خیال کرتے ہیں ۔ 6 مئی 2012 ء کو شروع کردہ اپنے ٹی وی پروگرام ’’ ستیہ میو جیتے ‘‘ کے ذریعہ الکٹرانک میڈیا کے ذریعہ سماجی برائیوں کے خاتمہ کیلئے انہوں نے ایک مثالی تحریک شروع کی سب سے اہم بات یہ ہیکہ ان کے اس پروگرام کو ہندوستان کی 8 زبانوں میں اسٹار پلس ، اسٹار ورلڈ ، اور دوردرشن پر ایک ساتھ پیش کیا گیا ۔

چھوٹی سی عمر میں پدم شری ، پدم بھوشن جیسے اعلی اعزازات حاصل کرنے والے عامر خان ہندوستان میں جرائم اور مجرمین سے پاک سیاست کے خواہاں ہیں ۔ ان کے خیال میں سیاستداں ، دیانت دار ہوں تو ہمارے ملک کو دنیا کی سپرپاور بننے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ 2009 ء کے انتخابات کے دوران راکشی اوم پرکاشی میرا اور عامر خان نے ایک ایک منٹ کے تین ویڈیو فلمیں ’’ سودا ، سبزی اور رشتہ ‘‘ بنائی تھی جس کے ذریعہ رائے دہندوں کو یہ پیام دیا گیا ۔ وہ ملک کو رشوت خوری ، بدعنوانی ، اقربا پروری ، مہنگائی ، غربت و افلاس جیسی بیماریوں سے پاک کرنے کیلئے دانت دار امیدواروں کا انتخاب کریں ۔

چونکہ عام انتخابات 2014 ء بالکل قریب ہیں ایسے میں یوٹیوب اور سوشل ویب سائٹس پر عامر خان کے یہ ویڈیوز غیرمعمولی مقبولیت حاصل کررہے ہیں ۔ عامر خان کو رائے دہندوں میں شعور بیدار کرنے کی اس مہم میں نیشنل الیکشن واچ ڈاگ اسوسی ایشن آف ڈیموکرٹیک ریفارمس کا بھرپور تعاون حاصل ہے ۔ واضح رہے کہ یہ اسوسی ایشن 1200 غیرسرکاری تنظیموں کا ایک نیٹ ورک ہے جو سیاست سے مجرمین کو دور رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔ عامر خان چاہتے ہیں کہ رائے ہندے مختلف چہروں کی شکل میں رشوت دینے والے امیدواروں کو منہ ہی نہ لگائیں ۔