۔12 فیصد تحفظات مسئلہ
بی جے پی قائدین کا مجلس سے استفسار ، ٹی آر ایس پر بھی عوام کو گمراہ کرنے کاالزام
نارائن پیٹ ۔ 26 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مرکزی اسکیمات کو ریاست میں تلنگانہ حکومت اپنی اسکیمات بتاکر تلنگانہ عوام کو گمراہ کررہی ہے جبکہ ڈبل بیڈروم اور دلتوں میں تین ایکر اراضی کا ٹی آر ایس کا انتخابی وعدوں کا نام و نشان نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار بی جے پی ریاستی نائب صدر مسٹر نکورواو نامہ جی ، رتن پانڈو ریڈی ریاستی سکریٹری ، شریمتی پدماجہ نے مستقر نارائن پیٹ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ٹی آر ایس حکومت عوام کو اور مجلس مسلمانوں کو گمراہ کررہی ہے ۔ مجلسی صدر اویسی مسلمانوں کے رہبر ہیں تو تلنگانہ حکومت سے 12% فیصد تحفظات پر خاموش کیوں ہیں؟۔ ٹی ہریش راؤ اپنے بیانات میں 12 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کا دعویٰ کررہے ہیں جبکہ پورے تلنگانہ میں ایک بھی آبپاشی پراجکٹ مکمل نہیںہوا ۔ حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کو سیراب کرنے کیلئےGO-69 کی اجرائی 2014 ء میں عمل میں لائی گئی ۔اس پر عمل کرنے کے برخلاف بھیما پراجیکٹ و پالمورا رنگاریڈی پراجکٹ سے نارائن پیٹ حلقہ اسمبلی کو سیراب کرنے کا سبز باغ عوام کو دکھایا جارہا ہے ۔ نارائن پیٹ عوام کی یہ بدنصیبی ہے کہ کرشنا وقارآباد ریلوے لائن جس کا سروے 2012 ء میں ہوا اور 2014 ء میں اسکو منظور کیا گیا اس پر رکن پارلیمنٹ اے پی جتیندر ریڈی کو مرکزی حکومت سے خط روانہ ہوا کہ ہم اس لائن کو بچھانے کیلئے تیار ہیں اور 50 فیصد بجٹ بھی فراہم کیا جائیگا مزید 50 فیصد بجٹ اور زمین حوالگی کیلئے چیف منسٹر سے لیٹر فراہم کریں اس پر رکن پارلیمنٹ آج تک چیف منسٹر سے ایک تحریر نامہ لینے میں ناکام رہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی 2019 ء میں تلنگانہ کے تمام 119 اسمبلی حلقوں سے انتخابات میں مقابلہ کریگی اور کامیاب ہوکر رہے گی ۔ 2019 ء میں بی جے پی حکومت بننے پر نارائن پیٹ کو ضلع کا درجہ دیا جائیگا ۔انھوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو واقف کروانے اور مرکزی اسکیمات سے عوام کو واقف کروانے کیلئے بی جے پی کی جانب سے جاری پرجا چیتنیا یاترا کل شام تین بجے نارائن پیٹ میں داخل ہوگی جس میں ہزاروں عوام شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر نندوناسمی ، رگھویریادو ایڈوکیٹ ، یوشل ونود ، پربھاکر و دیگر موجود تھے ۔