آٹھویں جماعت کے بعد طالبات ترک تعلیم کیلئے مجبور

مکہ راج پیٹ۔ /2 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک ضلع چیگنٹہ منڈل کے موضع نارسنگی قصبہ میں پچھلے کئی برسوں سے قائم کردہ سرکاری اردو میڈیم پرائمری اسکول میں تقریباً 100 سو سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں اور یہ اسکول صرف آٹھویں جماعت تک ہی محدود ہے۔ آٹھویں جماعت تکمیل کے بعد نویں جماعت کی تعلیم کیلئے قریب میں اردو میڈیم اسکول نہ ہونے سے طلبہ بالخصوص طالبات ترک تعلیم پر مجبور ہورہے ہیں۔ آٹھویں جماعت تکمیل کے بعد نویں تعلیم کے لئے تقریباً 25کلو میٹر واقع مکہ راج پیٹ جانا پڑتا ہے جو طلباء و طالبات کے لئے کافی دشواری ہے۔ لڑکیوں کیل ئے ہر دن اتنا فاصلہ سفر طئے کرنا کافی مشکل دہ مسئلہ ہے۔ اس لئے سرپرست طالبات اپنی لڑکیوں کو ترک تعلیم کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ اس خصوص میں مسلمانان نارسنگی نے ( بتوسط سیاست نیوز ) حکومت اور محکمہ تعلیمات کے عہدیداران سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ تعلیمی سال نو 2014ء کے 2015ء میں قصبہ نارسنگی میں اردو میڈیم نویں جماعت کی منظوری دے کر ہونہار طلباء و طالبات کو ترک تعلیم سے بچائیں۔ مسلمانان نارسنگی نے حکومت و ذمہ داروں سے اس خصوص میں دلچسپی لیتے ہوئے جماعت نویں کی منظوری کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔