آٹو کا سرقہ کرنے والے سارق کو گرفتار کروانے پر اسٹاف کو پولیس کا انعام

حیدرآباد /18 مارچ ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں بہتر خدمات انجام دینے والوں کو اعزاز اور انعام سے نوازنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ تاہم دوسری جانب اختیارات کا بے جا استعمال کرنے والوں کے خلاف کمشنر پولیس سخت اقدامات بھی کر رہے ہیں ۔ سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند نے آج شمش آباد ڈیویژن کے انٹرپیٹر اسٹاف کو ایوارڈ دیا ۔ پارکنگ کے مقام سے آٹو کا سرقہ کرنے والے ایک سارق کو اس اسٹاف نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا تھا اور مسروقہ آٹو بھی ضبط کرلیا ۔ بتایا جاتا کہ مدیراج چنا عرف سومیال نامی ایک سارق گذشتہ شب راجندر نگر کے علاقہ میں واقعہ ایک بار کی پارکنگ سے آٹو کا سرقہ کرلیا تھا اور وہ مسروقہ آٹو لیکر فرار ہوگیا تھا کہ سائبرآباد کنٹرول روم سے ایک پولیس کو چوکس کرنے اور ا طلاع دینے کیلئے ایک پیام جاری کیا گیا ۔ جس پر شمش آباد انٹرپیٹر اسٹاف نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس مسروقہ آٹو کو دیکھ لیا اور تقریباً 2 کیلو میٹر تعاقب کرنے کے بعد اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ اس کارروائی پر اسٹاف کی سراہنا کرتے ہوئے کمشنر پولیس سائبرآباد نے اسٹاف میں انعامات تقسیم کئے۔