آٹو ڈرائیور کی دیانت داری

محمد احمد نے مسافرین کی قیمتی اشیاء واپس کردیا
پولیس کی جانب سے ستائش دیگر آٹو ڈرائیورس کو تقلید کا مشورہ
حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز)سائبر آبادکے علاقہ کوکٹ پلی میں ایک آٹو ڈرائیور نے مسافرین کی قیمتی اشیاء کو ان کے حوالے کردیا ۔ آٹو میں سفر کے دوران بھول چکے تھے ۔ آٹو ڈرائیور محمد احمد کے اس اقدام پر پولیس نے اس کی ستائش کی اور دیگر آٹو ڈرائیورس کو مشورہ دیا کہ وہ احمد کی ایمانداری سے سبق سیکھیں ۔بتایا جاتا ہے کہ دو خاتون مسافرین احمد کے آٹو میں سفر کررہی تھیں اور وہ اپنا سامان بھول چکی تھیں جن میں تقریبا 2 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء و طلائی زیورات تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تین تولے سونا اور قیمتی ساڑیوں کے علاوہ دیگر قیمتی سامان ان خواتین کے بیاگس میں تھا ۔ جب احمد نے دیکھا کہ مسافر خواتین آٹو سے اتر کر چلی گئیں تو اس کی نظر سامان پر پڑی اور اس نے اپنا کاروبار چھوڑ کر ان خواتین کی تلاش کی ۔ تاہم خواتین کا کوئی پتہ نہیں چلا جس کے بعد ایماندار آٹو ڈرائیور احمد نے کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس اسٹیشن پہنچ کر سارے واقعہ کی تفصیل سنائی اور سامان کو پولیس کے حوالے کردیا ۔ اس دوران وہ خواتین بھی پولیس اسٹیشن شکایت کیلئے پہونچیں جہاں پولیس نے احمد کی ایمانداری سے متاثر ہوکر پولیس کی نگرانی میں احمد کے ہاتھوں خواتین کو سامان فراہم کیا ۔