حیدرآباد۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) شاہ عنایت گنج پولیس نے آٹو پاسنجر کے طلائی زیورات کے سرقہ میں ملوث دو سارقین کو گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر شاہ عنایت گنج مسٹر چاند باشا نے کہا کہ نامپلی سے تعلق رکھنے والے شنو اور منگل ہاٹ کا ساتھی شیواجی راؤ 11مئی کو ایک سنار معین کے طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ افطار کے دوران معین نے طلائی زیورات کے بیاگ کو آٹو میں رکھ کر نماز کی ادائیگی کیلئے گیا تھا اور اس کا فائدہ اٹھاکر وہاں سے شنو اور اس کے دیگر ساتھیوں نے اس بیاگ کا سرقہ کرلیا۔ شاہ عنایت گنج پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شنو اور اس کے دیگر ساتھیوں کی شناخت کی اور انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں شاہ عنایت گنج پولیس کے کرائم اسٹاف نے کرناٹک کے علاقہ بیدر سے تعلق رکھنے والے دو سارقین نوین کمار اور شیو کمار کو گرفتار کرلیا جو اسٹیل کی اشیاء اور دیگر اشیاء کے سرقہ میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔