آٹو سارقین کی ٹولی گرفتار

حیدرآباد 10 فبروری (سیاست نیوز)دونوں شہروں میں آٹوز کا سرقہ کرنے والی سارقین کی دو رکنی ٹولی کو گوپالا پورم پورم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ وی وجئے کمار اور اس کا ساتھی ایم دیوا کمار متوطن ضلع اننت پور جو سابق میں آٹو چلایا کرتے تھے جو بعدازاں آٹوز کا سرقہ کی وراداتوں میں ملوث ہوگئے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون شریمتی جئے لکشمی نے بتایا کہ مذکورہ ملزمین پارک کئے ہوئے آٹوز کو نشانہ بنایا کرتے اور ان کا سرقہ کرنے کے بعد انجن اور چیسی نمبر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اسے دوبارہ فروخت کردیا کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مشیر آباد کے ایک آٹو ڈرائیور سید دینو نے اپنے آٹو کا سرقہ ہونے کی شکایت گوپالا پورم پولیس سے کی تھی اور پولیس نے مقدمہ درج کر کے سارقین کی تلاش شروع کردی تھی۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر وجئے کمار اور دیو کمار کو حراست میں لیکر کڑی تفتیش کی جس پر انہوں نے 36 آٹوز کا سرقہ کرنے کا انکشاف کیا اور پولیس نے ان کے قبضہ سے مسروقہ آٹوز جن کی مالیت 15 لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے برآمد کرلئے۔