آٹوموبائیل ڈیلر کو لوٹنے والی ٹولی گرفتار

مسروقہ رقم برآمد ، ڈی سی پی مادھا پور کارتکیا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 2 جولائی ( سیاست نیوز) میاں پور پولیس نے ممبئی سے تعلق رکھنے والے آٹو موبائیل ڈیلر کو لوٹنے والی 5 رکنی لٹیروں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس مادھا پور زون مسٹر کارتکیا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ممبئی سے تعلق رکھنے والے آٹو موبائیل ڈیلر منوج سی مہتا جو کاروبار کے سلسلہ میں اکثر حیدرآباد آیا کرتا تھا اوریہاں پر آٹو موبائیل اشیاء فروخت کر کے حیدرآباد کے ڈیلر سے رقم وصول کیا کرتا تھا ۔ اس سلسلہ میں 27 جون کو مہتا حیدرآباد پہنچ کر بنجارہ ہلز میں واقع انڈیا ڈیکور کے ڈیلر آنند سے ملاقات کی اور کاروبار کے سلسلہ میں اسے شہر کے مختلف ڈیلرس سے رقم وصول کرنے کی بات بتائی جس پر آنند نے اپنے ڈرائیور انجنیلو کو مہتا کو اپنی کار میں لیجانے کی ذمہ داری سونپی ۔ انجنیلو نے مہتا کی جانب سے حیدرآباد میں لاکھوں روپئے کی رقم کی اطلاع کے بعد اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے شنکر ‘ کے گنگادھر ‘ پی دھرما اور این سریدھر گوڑ کی مدد سے مہتا کو لوٹنے کا منصوبہ تیار کیا۔ 27 جون کی صبح منوج مہتا افضل گنج میں واقع ایک لاڈج پہنچ کر آنند کو اپنے ڈرائیور انجنیلو کو کار کے ساتھ بھیجنے کی بات کہی جس پر انجنیلو نے مہتا کو لوٹنے کا منصوبہ تیار کرلیا اور آٹو موبائیل ڈیلر کے ہمراہ سارا دن گذارنے کے بعد اس کے کاروبار کی جمع شدہ رقم کو دیکھنے کے بعد اپنے دیگر ساتھیوں کو آگاہ کیا جس پر اس کے ساتھیوں نے مہتا پر علاقہ میاں پور میں اچانک حملہ کر کے اس کے قبضہ میں موجود 5 لاکھ روپئے لوٹ لئے ۔ پولیس نے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر انجنیلو اور اس کے ساتھیوں کا کامیاب پتہ لگاتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے چار لاکھ 57 ہزار مسروقہ رقم برآمدکرلئے ۔ پولیس نے لوٹنے کے واقعہ میں استعمال کئے گئے ہتھیار ‘موٹر سائیکل اور ایک کار برآمد کرلئے ۔