آوٹر رنگ روڈ پر خوفناک سڑک حادثہ

ایم بی بی ایس طالب علم میر سلمان علی ہلاک
حیدرآباد /3 اپریل ( سیاست نیوز ) آوٹر رنگ روڈ پر پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک ایم بی بی ایس طالب علم ہلاک اور دیگر ساتھی شدید زخمی ہوگئے ۔ حادثہ آج صبح کے اوقات آوٹر رنگ روڈ نارسنگی حدود میں پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس حادثہ میں 23 سالہ میر سلمان علی ہلاک اور اس کے ساتھ عبدالرحمن اور نشاط شدید زخمی ہوگئے ۔ حادثہ کار ڈیوائڈر سے ٹکراکر اُلٹ جانے سے پیش آیا ۔ حادثہ کے فوری بعد زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیاگیا جہاں میر سلمان علی زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ سلمان اور اس کے ساتھی جو ایم بی بی ایس کے طالب علم بتائے گئے ہیں کالج کے انیول ڈے فنکشن میں شرکت کیلئے جارہے تھے کہ حادثہ پیش آیا ۔کار میں سوار سلمان اور اس کے ساتھی ایک ہی کالج ایم این آر کالج سنگاریڈی کے طالب علم تھے ۔ جنہوں نے گذشتہ ہفتہ اپنا ایم بی بی ایس تکمیل کیا تھا ۔ سلمان نے انٹرشپ کیلئے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل اپنا ٹرانسفر کروالیا تھا ۔ حادثہ آئی ایس پی نارسنگی کے حدود میں پیش آیا ۔جیسے ہی کار کے حادثہ اور سلمان کی موت کی اطلاع ایم این آر کالج اور اس کے ساتھیوں میں پھیل گئی کالج میں رنج و غم پایا گیا اور اس کے ساتھی کالج کا فنکشن چھوڑکر سلمان اور اپنے زخمی ساتھیوں کی عیادت کیلئے پہونچے ۔ میر سلمان علی نواب صاحب کنٹہ علاقہ کے ساکن میر عثمان علی کا کے فرزند تھے ۔ جو ہونہار طالب علم تھے ان کے ساتھیوں نے بتایا کہ سلمان تعلیم میں بہت دلچسپی رکھتے تھے اور ان کا مظاہرہ پورے کورسیس میں بہترین رہا ۔ زخمی عبدالرحمن کا علاج نامپلی کے ایک مشہور ہڈیوں کے دواخانے میں جاری ہے ۔ نارسنگی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔