حیدرآباد۔ 9 اگست (سیاست نیوز) شہر میں آوارہ کتوں کی بہتات کے باعث آج ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جس میں آوارہ کتوں نے ایک کمسن لڑکی پر حملہ کرکے شدید زخمی کردیا۔ یہ واقعہ آج صبح دومل گوڑہ جی ایچ ایم سی پارک کے قریب اس وقت پیش آیا جب للیتا نامی ایک خاتون اپنی بیٹی کے ہمراہ عارضی شیڈ میں مقیم تھی۔ واقعہ میں آوارہ کتوں نے اچانک ماں بیٹی پر حملہ کردیا جس میں للیتا وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئی لیکن 3 سالہ کمسن بھاوِیا کو کتوں نے چہرے پر حملہ کرکے لہو لہان کردیا اور کافی دُور تک کمسن کو گھسیٹ کر لے جارہے تھے تاہم للیتا کی چیخ و پکار سن کر مقامی افراد فوری وہاں پہنچ گئے اور کتوں کو بھگا دیا لیکن تب تک کمسن بھاوِیا شدید طور پر زخمی ہوچکی تھی۔ اس واقعہ میں زخمی کمسن لڑکی کو نیلوفر ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔