قیمتی موٹر کاروں کا سارق گرفتار ، تین کاریں ضبط
حیدرآباد یکم / ڈسمبر (سیاست نیوز ) آن لائین مارکیٹنگ کے ذریعہ دھوکہ دہی کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ ٹسٹ ڈرائیور کے نام پر ایک شخص کی قیمتی کار کا سرقہ کرنے والے کو کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر کے پی ایچ بی مسٹر کشلکر نے بتایا کہ او ایل ایکس کے ذریعہ کار خریدنے کے بہانے کار کا سرقہ کرلیا گیا ۔ پولیس نے شکایت گذار شخص سریکانت کی شکایت پر تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر دو افراد مفرور بتائے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ 30 سالہ گری راج 32 سالہ مہیش کمار اور 30 سالہ شیوا کمار کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کے قبضہ سے مسروقہ دو کاریں ووکس ویاگن ونیٹو اور ہونڈا امیز کاروں کو ضبط کرلیا گیا ۔ اس ٹولی کا اصل سرغنہ ویشال اور اس کا ساتھی ونود مفرور بتائے گئے ہیں ۔ پولیس نے دعوی کیا کہ بہت جلد ان سرغنوں کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ویشال 24 نومبر کو سریکانت سے رجوع ہوا تھا ۔ جس نے اپنی کار کو فروخت کرنے کیلئے آن لائین مارکیٹنگ سائیٹ او ایل ایکس پر تفصیلات درج کی تھیں ۔ اس کار کو دیکھنے کے بعد ویشال نے سریکانت کو اپنے جال میں پھانسا پہلے اس کے مکان پہونچکر کار لی اور بعد میں شکایت گذار کو اپنی جعلسازی کا شکار بناکر کے پی ایچ بی علاقہ لے آیا اور والدہ کیلئے انتظار کرنے کی بات کرتے ہوئے کار کا ٹسٹ ڈرائیور کے بہانے لیکر فرار ہوگیا ۔ کے پی ایچ پی پولیس مفرور افراد کی تلاش میں مصروف تحقیقات ہے ۔