آن لائین دھوکہ بازوں کی ٹولی گرفتار

موبائل فون دوکانات کے مالکین دھوکہ دہی کا شکار
حیدرآباد /17 جولائی ( سیاست نیوز ) موبائیل فون دوکانات کے مالکین کو دھوکہ دینے والی ایک آن لائین دھوکہ بازوں کی ٹولی کو رچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا اور تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم رچہ کنڈہ نے ایک کارروائی کے دوران تین افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 81 موبائل فون جن کی مالیت 5 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے کو ضبط کرلیا اور اس ٹولی کے سرغنہ نے ایک خاتون کو دھوکہ دیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 23 سالہ شہنشاہ شریف ساکن سنتوش نگر 32 سالہ عرفان ساکن حسینی علم اور 32سالہ منہاج ساکن چندرائن گٹہ گلشن اقبال کالونی کو گرفتار کرلیا ۔ شہنشاہ نے ایک فرم قائم کیا تھا اور اس کا دفتر حبشی گوڑہ میں کھولا اور اس نے ایک 19 سالہ لڑکی کو بطور ٹیلی کالر مقرر کرلیا ۔ مارچ کے مہینے میں اس نے اس لڑکی کو کام کے بہانے فلک نما کے علاقہ وٹے پلی منتقل کیا ۔جہاں اس نے ایک مکان کرایہ پر لیا تھا ۔ لڑکی کو اس نے ایک ماہ تک اس مکان میں رکھا اور جبراً اس کے ساتھ زبردستی کرتا تھا ۔ لڑکی کا جنسی استحصال کرنے کے بعد اس نے اس کی عریاں تصاویر حاصل کرلیں اور اس کو دھمکانے لگا ۔ اس دوران لڑکی کی گمشدگی کی رپورٹ اس کے والد نے ناچارم پولیس اسٹیشن میں کروائی تھی ۔ ایس او ٹی کے مطابق شہنشاہ اس لڑکی کو دفتر کے کام پر ممبئی کے علاوہ پونے ، چنائی ، راجستھان ، تروپتی ، بنگلور لے گیا اور لڑکی کے ساتھ رہتا تھا اور اس کے جذبات سے کھلواڑ کرتا تھا ۔ 8 دن قبل لڑکی کسی طرح اس کے چنگل سے آزاد ہوکر حیدرآباد پہونچی اور اس نے والد کے ہمراہ پولیس اسٹیشن کا رخ کیا ۔ پولیس نے شہنشاہ کو حراست میں لینے کے بعد اس کے دیگر دو ساتھیوں کو بھی حراست میں لے لیا اور پوچھ تاچھ کے دوران انہوں نے جرم کو قبول کرلیا ۔ موبائیل فون کے دوکانات مالکین کو یہ لوگ آن لائین طریقہ سے دھوکہ دیا کرتے تھے ۔ فون خریدنے کے بعد رقم آن لائین روانہ کیا کرتے تھے اور اپنے موبائل سے دوکان والوں کو رقم روانہ کرنے کی سلپ بھی بتائی جاتی تھی اور فوری دوکان سے ہٹنے کے بعد اس کو منسوخ کردیتے تھے اور فون لیکر غائب ہوجاتے تھے ۔ شہنشاہ جو انٹر نیٹ بینکنگ میں ماہر ہے نئے طریقوں سے دھوکہ دیا کرتا تھا اور ہوٹل بھی آن لائن بک کروایا کرتا تھا اور بغیر کسی قسم کی رقم ادا کئے یہ لوگ باضابطہ ہوٹل کا کمرہ استعمال کرتے تھے ۔ اپنی چالاکی اور ایاری سے یہ ٹولی بہ آسانی اپنا کام انجام دیا کرتی تھی ۔ ناچارم ، جیڈی میٹلہ ، چندا نگر ، شمس آباد ، شادنگر ، وقارآباد ، نلگنڈہ ، وجئے واڑہ اور وائزاگ میں اس ٹولی نے وارداتیں انجام دیں تھی ۔