حیدرآباد ۔ /21 جون (سیاست نیوز) بیرون ممالک سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دینے والی چار رکنی ٹولی کو سائبر آباد پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آن لائین فاریکس ٹریڈینگ کے نام پر یہ ٹولی شہریوں کو دھوکہ دے رہی تھی ۔ٹولی نے 5 کروڑ کا شہریوں کو دھوکہ دیا ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر سجنار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 26 سالہ شاہنواز سکھانی ساکن سورت ، 25 سالہ الوک پوار ، 24 سالہ نواز انصاری اور 26 سالہ نکت مہش ساکنان ممبئی کو گرفتار کرلیا ۔ دھوکہ دہی کی شکایت راجندر نگر سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون شویتا نے کی تھی جس کو 19 لاکھ 2 ہزار روپئے دھوکہ دیا گیا ۔ پہلے شیر مارکٹ میں متوجہ اور سرمایہ کیلئے شہریوں کو راغب کرنے کا منصوبہ تیار کیا جاتا اور ویب سائیٹ سے ڈاٹا حاصل کرکے شہریوں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں بیرون ممالک سرمایہ کا لالچ دے کر رقم غبن کرلی جاتی تھی ۔