جدہ ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزارت حج و عمرہ کے عہدیداروں اور عمرہ کمپنیوں کے نمائندوں نے آن لائن عمرہ ویزہ کے اجراء کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین چاہتے ہیں کہ مخصوص زمرے میں شامل افراد پر راست آن لائن عمرہ ویزہ حاصل کرلیا کریں۔ اس مقصد کیلئے جدہ میں ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں سکریٹری عمرہ ڈاکٹر عبدالعزیز وزان شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت چاہتی ہیکہ ٹھوس مخصوص زمروں میں شامل افراد آن لائن ویزے حاصل کریں۔ اس کی بدولت عمرہ پر آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور انہیں سہولت بھی ہوگی۔ سعودی ویژن 2030ء کے بموجب سالانہ 30 ملین معتمرین کا استقبال کیا جانا ہے۔