آن لائن دھوکہ دہی میں ملوث دو افراد گرفتار

حیدرآباد۔/20مارچ، ( سیاست نیوز) سائبر آباد کی سائبر کرائم پولیس نے آن لائن دھوکہ دہی کے دو علحدہ واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیا جو ملازمت اور تفریحی پیاکیجس کے نام پر عوام کو دھوکہ دے رہے تھے۔ سائبر کرائم انسپکٹر محمد ریاض الدین نے بتایا کہ معروف کمپنی مہندرا اینڈ مہندرا میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 15,38,700/- روپئے کا دھوکہ دینے والے دو افراد 24سالہ نکل دت اور 26سالہ وشنو دت ساکنان میور وہار دہلی کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان لوگوں نے ملازمتیں دلانے کا جھانسہ دے کر بے روزگار نوجوانوں سے بڑے پیمانے پر رقم وصول کی تھی۔ انٹرویو فیس، رجسٹریشن فیس اور پروفائیل پراسسنگ کے نام پر مختلف بینک کھاتوں میں رقم جمع کروائی تھی اور امیدواروں کو اس بات کا یقین دلایا تھا کہ اگر ملازمت نہیں ملتی ہے تو وہ رقم واپس کردیں گے اور کہتے کہ چونکہ یہ ایک بھروسہ مند ادارہ ہے جہاں کام کامیاب ہونے پر ہی رقم لی جاتی ہے۔ ان کے اس طرح کے تیقن پر کئی نوجوان ایک بعد دیگر اس ادارہ سے رجوع ہوگئے اور ان دونوں بدمعاشوں نے اپنا فون بند کرلیا اور کسی قسم کا کوئی جواب نہیں دیا۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور ٹرانزٹ وارنٹ پر منتقل کیا۔ جبکہ دوسرے واقعہ میں ایک شکایت پر جو صنعت نگر کے ایک شہری نے دی تھی جو انڈومان نکوبار کے نام پر ایک لاکھ 7ہزار روپئے دھوکہ دہی کا شکار ہوگیا تھا۔ اس سلسلہ میں پولیس نے 23سالہ سونو سنگھ کو گرفتار کرلیا جو دہلی کا ساکن بتایا گیا ہے۔ سونو سنگھ جو یاترا لائنس کے نام سے اپنی شاپ چلاتا ہے۔ سائبر کرائم پولیس نے اس شخص کو بھی گرفتار کرلیا اور عوام سے چوکنا رہنے کی خواہش کی۔