آن لائن دھوکہ دہی ، چھ رکنی بین ریاستی ٹولی گرفتار

40 لاکھ نقد رقم اور ایک کروڑ کے اثاثہ جات ضبط : سائبرآباد پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /29 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے آن لائن دھوکہ دہی میں ملوث ایک 6 رکنی بین ریاستی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 40 لاکھ نقد رقم بشمول ایک کروڑ روپئے کے اثاثہ جات کو ضبط کرلیا ۔ سائبرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے یہ کارروائی انجام دی ۔ انسپکٹر محمد ریاض اور ان کے ماتحت عہدیداروں نے اعلی عہدیداروں کی خصوصی ہدایت پر ریاست کرناٹک اور گوا پہونچکر ان افراد کو گرفتار کیا ۔ پولیس کے مطابق ٹولی کا اصل سرغنہ بھانی راج گوڈا مہیش چکیا ، پٹا راجو ، ضیاء اللہ ، دادا پیر اور آر ایم چیمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق گوڈا کے خلاف کرناٹک ریاست کے بنگلور اور میسور شہر میں دھوکہ دہی کے کئی معاملات درج ہیں ۔ اس نے ایک کوآپریٹیو سوسائٹی قائم کی تھی ۔ جس میں نقصان کے بعد اس نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے اپنے سابقہ ملازمین اور ساتھیوں کو شامل کرلیا اور آن لائن اشتہارات دینے کا آغاز کردیا گیا۔ ان اشتہارات میں عوام کو راغب کرنے کیلئے زائد شرح سود کا لالچ دیاگیا اور 4 فیصد شرح سود کی پیشکش کی گئی ۔ اس اشتہارا کو دیکھنے کے بعد عوام نے جن میں اکثریت سافٹ ویر ملازمین اور اداروں سے وابستہ افراد کی ہے ۔ انہوں نے گوڈا کی کمپنی میں رقم جمع کی خاصی رقم جمع ہونے کے بعد اصل سرغنہ گوڈا اور اس کے ساتھیوں نے اپنے فون بند کرلئے ۔ سائبرآباد کے سائبر کرائم سے کیس رجوع ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔