حیدرآباد ۔ /27 نومبر (سیاست نیوز) سائبر آباد کی سائبر کرائم ٹیم نے آن لائن دھوکہ دہی میں ملوث 4 نائجیرین باشندوں اور ایک خاتون کو گرفتار کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس کرائمس مسٹر بی سرینواس ریڈی نے بتایا کہ ایل بی نگر علاقہ کے ساکن شیخ جیلانی باشاہ نے /7 نومبر کو ایک شکایت درج کروائی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ quikr.comآن لائین ویب سائیٹ پر ایک اشتہار دیکھا جس میں ڈاکٹر جارج فیڈرک نامی شخص جو خود کو امریکی قونصل خانے کا ملازم ظاہر کرتے ہوئے قیمتی بی ایم ڈبلیو کار فروخت کرنے کی خواہش ظاہر کی اور بتایا کہ ممبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر یہ کار موجود ہے اور کسٹمز آفس 1.5 لاکھ کا ٹیکس ادا کرنے پر کار حاصل کی جاسکتی ہے ۔ بعد ازاں سنجنا سنگھ نامی خاتون جو خود کو کسٹم عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے درخواست گزار کو بذریعہ فون یہ یقین دلایا کہ بی ایم ڈبلیو کار ان کے پاس موجود ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے 18.63 لاکھ روپئے مختلف بینک اکاؤنٹس میں جمع کئے لیکن وہ گاڑی حاصل کرنے سے قاصر ہے ۔ آن لائین دھوکہ دہی کے بعد مسٹر باشاہ نے سائبر کرائم پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس کے نتیجہ میں پولیس نے آئی ٹی ایکٹ اور تعزیرات ہند کے دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ سائبر کرائم پولیس نے تحقیقات کے دوران نائجیرین باشندے پیاسکل ایمینول جو خود کو ڈاکٹر جارج فیڈرک ظاہر کررہا تھا کچھ عرصہ قبل میڈیکل ویزا پر ممبئی آیا تھا اور اس نے ساجدہ عبدالحمید عرف سنجنا سنگھ جو خود کو کسٹم عہدیدار ظاہر کرتی ہے کے ہمراہ آن لائین اشتہارات کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دینا کا منصوبہ تیار کیا ۔ شیخ جیلانی باشاہ کو دھوکہ دہی کے ذریعہ لاکھوں روپئے حاصل کئے تھے اور مختلف بینک اکاؤنٹس میں منتقل کئے جس میں تین مزید نائجیرین باشندے پال ، اولیک سنڈے اور ٹونی یوملیک کو بھی گرفتار کرلیا گیا جو دھوکہ دہی ریاکٹ کے سرغنہ ٹیاسکل ایمانیول کیلئے کمیشن پر کام کرتے تھے ۔ سائبر کرائم پولیس نے گرفتار 5 ملزمین بشمول خاتون کو ممبئی سے گرفتار کرکے حیدرآباد منتقل کیا ۔ اس کیس کی تحقیقات انسپکٹر سائبر کرائم محمد ریاض الدین نے کی ۔