آن لائن انشورنس کے نام پر دھوکہ ، تین دھوکہ باز گرفتار

سی سی ایس سائبر کرائم پولیس کی نئی دہلی میں کارروائی
حیدرآباد ۔ /29 جولائی (سیاست نیوز) آن لائین انشورنس کے نام پر دھوکہ دہی میں ملوث تین دھوکے بازوں کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی سائبر کرائم پولیس نے نئی دہلی میں گرفتار کرکے انہیں حیدرآباد منتقل کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سکندرآباد بوئن پلی کے ساکن ایم رمیش نے سائبر کرائم پولیس سے جاریہ سال مئی میں ایک شکایت درج کروائی جس میں انہوں نے بتایا کہ جنوری 2016 ء کو نامعلوم افراد کی جانب سے انہیں فون کیا گیا اور خود کو ایل آئی سی پالیسی سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے 24 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا ۔ درخواست گزار نے مذکورہ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں ویلیو سرویسیس نامی ادارے کے اکاؤنٹ میں جمع کروادی اور بعد ازاں امن شرما نے انہیں دوبارہ فون کرکے یہ یقین دلایا کہ وہ عنقریب ایک لاکھ  4 ہزار روپئے حاصل کرسکتے ہیں جس کے لئے مزید 73 ہزار کی رقم جمع کروانی پڑے گی ۔ دھوکے بازوں نے انہیں وقفہ وقفہ سے فون کرکے بھاری رقومات کا وعدہ کرتے ہوئے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے تھے ۔ رمیش نے سائبر کرائم پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس کے نتیجہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے دھوکے بازوں کی تلاش شروع کردی گئی تھی اور تحقیقات کے دوران سائبر کرائم پولیس کو دھوکے بازوں کی دہلی میں موجودگی کی اطلاع ملنے پر ایک خصوصی ٹیم یہاں پہونچ کر 23 سالہ ریشپ شرما ، 20 سالہ اجئے کمار اور 20 سالہ ارون چوہان کو گرفتار کرکے انہیں ٹرانزٹ وارنٹ پر حیدرآباد منتقل کیا گیا ۔