آن لائن ادویات کی فروخت پر کارروائی

حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے ریاست تلنگانہ میں آن لائن فارمیسیز (انٹرنیٹ کے ذریعہ ادویات کی فروخت ) کی کارکردگی اور طریقہ کار کا اچانک جائزہ لیا ۔ جس کے دوران مشہور و معروف میڈیکل شاپس کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی کا انکشاف ہے ۔ ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے عہدیداروں نے میڈپلس مارٹ ، اپولو فارمیسی ، ہیٹرو فارمیسی ، اسٹاپ ڈیل ان لائن اسٹور ، بک میڈس میڈیکل ، ہیلت کارٹ ڈاٹ کام ، بائی ڈرگ ، میڈ اسٹار اور مورچے میسٹ کے آن لائن بزنس کا مشاہدہ اور تجزیہ کیا ۔ ڈائرکٹر DCA ڈاکٹر اکون سبھروال کے بموجب ڈرگس اینڈ کیمیکلس ایکٹ 1940 اینڈ رولز 1945 میں یہ واضح ہے کہ رجسٹرڈ میڈیکل پراکٹیشنر ( آر ایم پی ) کا تحریری نسخہ پیش کرنے پر ہی ادویات فروخت کرنا لازمی ہے ۔ لیکن مذکورہ فارمیسیز اس کی پابندی نہیں کررہے ہیں اور آن لائن یا ٹیلی فون کے ذریعہ طلب کرنے پر کسی بھی مریض کو ادویات سربراہ کئے جارہے ہیں ۔ جس کے پیش نظر قصور وار فارمیسیز کو نوٹس جاری کردی گئی ہے اور بہت جلد قانونی کارروائی کی جائے گی ۔۔