آنکھ متاثر ہونے پر خاتون کا کھلاڑی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

پیرس۔2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)گالف کے ایک مقابلے کے دوران امریکی گالفر بروکس کوئیپکا کے غلط شاٹ سے قریب موجود خاتون مداح کی آنکھ متاثر ہوگئی جس پر انہوں نے گالفر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے پر غور شروع کردیا۔ یہ واقعہ یورپ اور امریکی ٹیموں کے خلاف فرانس میں جاری گالف ٹورنمنٹ رائیڈر کپ 2018 کے دوران پیش آیا۔ایونٹ کے پہلے روز امریکی گالفر بروکس کوئیپکا سے میچ کے ابتدائی شاٹ (ٹی شاٹ) کے دوران غلطی ہوگئی اور گیند 49 سالہ مداح کورین ریمانڈ کی دائیں آنکھ پر جا لگی۔متاثرہ خاتون نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ڈاکٹرز نے ان سے کہا ہے کہ ان کی آنکھ ضائع ہوگئی ہے اور اب وہ اس آنکھ سے دوبارہ نہیں دیکھ سکیں گی۔کورین ریمانڈ نے مزید کہا کہ کہ وہ امریکی گالفر کے خلاف قانون چارہ جوئی پر غور کر رہی ہیں۔اپنے ارادے کی وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس قانونی چارہ جوئی کا مقصد اپنے میڈیکل بلز کی ادائیگی ہے۔ اپنے زخمی ہونے کے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کورین ریمانڈ نے کہا کہ یہ سب کچھ اچانک ہوا، جب گیند لگی تو درد نہیں ہوا، تاہم خون بہنے لگا۔انہوں نے اپنی آنکھ کی حالت کے بارے میں بتایا کہ ڈاکٹرز نے جب ان کا اسکیان کیا تو اس سے واضح ہوگیا کہ ان کی دائیں آنکھ کے ساکٹ میں فریکچر ہے جبکہ ان کی آئی بال بھی ضائع ہوچکی ہے۔واضح رہے کہ رائیڈر کپ ایک گالف ٹورنمنٹ ہے جو ہر 2 سال بعد امریکہ اور یورپ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جاتا ہے۔