’’آنکھوں کی روشنی‘‘ اسکیم کے آغاز پر فخر : کے سی آر

دیپاولی تک ہر گھر میں آبرسانی نل ، اندرون 5 سال دیہاتوں سے شہر تک انڈر گراؤنڈ ڈرینج نظام

میدک۔ 15 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ’’کنٹی ویلگو (آنکھوں کی روشنی) پروگرام ملک کی تاریخ میں ایک منفرد پروگرام ہے۔ تاحال ملک کی کسی بھی ریاست میں ’’آنکھوں کی روشنی‘‘ پروگرام منعقد نہیں ہوا۔ ملک کی نئی ریاست میں خاص کر میرے اسمبلی حلقہ گجویل میں اس پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے مجھے بڑا فخر حاصل ہوا۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ضلع میدک کے توپران کے ملکاپور میں اس پروگرام کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر فرد کو چاہئے کہ اس اسکیم کے تحت آنکھوں کا معائنہ کروانے انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی کیلئے آنکھیں انمول تحفہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ساری ریاست کے عوام اس پروگرام کے تحت آنکھوں کا معائنہ مفت کرواسکتے ہیں۔ انہیں مفت ادویات اور ضرورت پڑنے پر عینک بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ اس کے تحت آپریشن بھی مفت کروائے جاسکتے ہیں۔ اس کے لئے محکمہ صحت اور ضلع کلکٹرس کے اشتراک سے ڈاکٹروں اور ٹیکنیشین کی ٹیمس تشکیل دی گئی ہیں۔ ساری ریاست میں 825 ٹیمیں بنائے گئے ہیں۔ ریاست میں اب تک 40 لاکھ عینکوں کا اسٹاک آچکا ہے۔ وزیراعلیٰ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ملکاپور پہونچے، جہاں اس پروگرام کا افتتاح کیا۔ ریاستی وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کے دیگر ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سارے تلنگانہ میں دیہاتوں سے لے کر شہروں تک آئندہ پانچ سال میں انڈر گراؤنڈ ڈرینج نظام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دیپالی تک ساری ریاست کے گھروں میں نلوں کے ذریعہ پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ساری ریاست میں ڈومیسٹک استعمال اور اگریکلچر کیلئے 24 گھنٹے برقی سربراہی عمل میں لائی جارہی ہے۔ اب ریاست میں کبھی بھی برقی بحران نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کو آئندہ سال جون تک کرشنا، گوداوری کا پانی حاصل ہوجائے گا۔ ریاست میں 15 ٹی ایم سی پانی کے اسٹاک والا پراجیکٹ بھی زیرتعمیر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب ریاست میں کبھی بھی اراضیات کیلئے جھگڑے فساد نہیں ہوں گے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ضلع میدک کے توپران ڈیویژن میں شامل ملکاپور گرام پنچایت کو ساری ریاست میں ایک ماڈل دیہات بنایا جائے گا۔ یہاں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے 6 کروڑ روپئے کا خصوصی بجٹ جاری کیا جارہا ہے جو ضلع کلکٹر میدک کے ڈیولپمنٹ فنڈ میں جمع کروایا جائے گا۔ اس پروگرام کو ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی ایم پدما دیویندر ریڈی، ارکان اسمبلی رام لنگا ریڈی، مدن ریڈی، صدرنشین ضلع پریشد راجہ منی مرلیدھر، فوڈ کارپوریشن چیرمین الیکشن ریڈی، ٹورازم ڈیولپمنٹ چیرمین پونیت ریڈی، ایم ایل سی محمد فاروق حسین، ضلع کلکٹر مسرز کے دھرما ریڈی، وینکٹ رام ریڈی، ضلع ایس پی چندنا دیپتی کے علاوہ ضلع فاریسٹ آفیسر بھی موجود تھے۔