وزرا کی کارکردگی پر چندرا بابو نائیڈو نے خفیہ سروے کروایا
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش میں دسہرہ کے بعد چندرا بابو نائیڈو کابینہ میں آیا رد و بدل کیا جائے گا ؟ اور موجودہ ریاستی کابینہ میں شامل وزراء کی کارکردگی سے آیا چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو مطمئن نہیں ہیں ؟ یہ تمام باتیں پارٹی کے سینئیر قائدین میں موضوع بحث ہیں کیوں کہ صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو نے حالیہ دنوں میں وزراء کی کارکردگی کے مسئلہ پر سروے کروایاتھا اور اس پر نائیڈو کے قریبی حلقوں میں مثبت ردعمل ہی پایا جارہا ہے اور کابینہ میں رد و بدل ہونے کی توقع کا اظہار کیا جارہا ہے لیکن یہاں سوال یہ پیدا ہورہا ہے کہ کن وزراء کو کابینہ سے نکال دیا جائے گا اور کن کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا اس پر تذبذب برقرار ہے ۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ حالیہ دنوں میں چیف منسٹر نے وزراء کی کارکردگی کے تعلق سے رازدارانہ سروے کروایا تھا اور اس کی روشنی میں سمجھا جاتا ہے کہ دسہرہ کے فوری بعد کابینہ کا مکمل جائزہ لیں گے ۔ اور ان اطلاعات کے پیش نظر ایک طویل عرصہ سے کابینہ میں شمولیت کے منتظر بعض قائدین نے کابینہ میں شمولیت کو یقینی بنالینے کے لیے اپنی کوششوں کا آغاز کردیا ہے ۔ موجودہ آندھرا پردیش کابینہ میں مسلم نمائندگی نہیں ہے جس کے پیش نظر کابینہ میں رد و بدل کے موقع پر مسلم نمائندگی کو موقع فراہم کرنے ، جناب محمد احمد شریف ایم ایل سی کو کابینہ میں شامل کئے جانے کی توقع ہے کیوں کہ آندھرا پردیش اسمبلی میں تلگو دیشم پارٹی سے کوئی رکن اسمبلی نہیں ہے ۔سمجھا جاتا ہے کہ کابینہ میں شامل کرنے ہی احمد شریف کو کونسل کیلئے منتخب کروایا گیا تھا ۔