آندھرا پردیش میں عنقریب تین اہم کمپنیوں کا قیام

آئندہ سو یوم میں آزمائش ، وزیر آئی ٹی اے پی لوکیش نائیڈو
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : وزیر پنچایت راج و انفارمیشن ٹکنالوجی حکومت آندھرا پردیش مسٹر این لوکیش نائیڈو نے کہا کہ آئندہ آنے والے 100 یوم ان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے ۔ امراوتی میں آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر لوکیش نے بتایا کہ بہت جلد ایچ سی ایل کے علاوہ مزید تین اہم کمپنیاں ریاست آندھرا پردیش میں قائم کی جارہی ہیں اور ان کمپنیوں کے ریاست میں قیام کی تمام راہیں ہموار ہوچکی ہیں ۔ ان کمپنیوں کے قیام سے ریاست آندھرا پردیش میں 15 ہزار سے زائد ملازمتیں حاصل ہوسکیں گی ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و دیہی ترقیات مسٹر لوکیش نے حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی قیادت میں ریاست آندھرا پردیش کو ہر شعبہ میں تیز رفتاری کے ساتھ ترقی حاصل ہورہی ہے اور اس ترقی کی روشنی میں بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع بھی حاصل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف حیدرآباد کی انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں میں خدمات انجام دینے والے بلکہ بیرونی ممالک بشمول امریکہ وغیرہ میں بھی ملازمتیں کرنے والے آندھرائی تلگو آئی ٹی پروفیشنلس بھی اب اپنے آبائی مقامات بالخصوص وشاکھا پٹنم منتقل ہو کر ملازمتیں کرنے پر اولین ترجیح دے رہے ہیں اور ہر کوئی آج اپنے اپنے مقامات پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے سے دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں ۔۔