آندھرا پردیش ریاست میں تلگو دیشم کو ایم ایل سی کی چھ نشستوں پر کامیابی

تین ارکان کے لیے 17 مارچ کو انتخابات ، 20 مارچ کو رائے شماری
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مارچ : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش ریاست کی برسر اقتدار تلگو دیشم پارٹی کو آج حلقہ مجالس مقامی ادارہ جات کے تحت اے پی قانون ساز کونسل کی چھ نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ ریاست میں جملہ نو ارکان کونسل کی نشستوں کے لیے انتخاب کا اعلان کیا گیا تھا جس میں سے چھ ارکان کا بلا مقابلہ انتخاب ہوگیا ۔ جب کہ مابقی تین نشستوں کے انتخابات 17 مارچ کو منعقد ہوں گے ۔ اور رائے شماری 20 مارچ کو ہوگی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کونسل نشستوں پر مقابلہ کے لیے چند آزاد امیدواروں نے اپنا پرچہ نامزدگیاں داخل کیا تھا تاہم پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کے آخری دن سریکاکلم ، ویسٹ گوداوری اور اننت پور کے آزاد امیدواروں نے پرچہ نامزدگی سے دستبردار ہوگئے جس کے باعث تلگو دیشم کے امیدواروں کو بلا مقابلہ انتخاب کی راہ ہموار ہوگئی ، تلگو دیشم سے منتخب ہونے والے چھ ارکان کونسل میں سابق وزیر ایس وجیا راما راجو ( سریکاکلم ) ، سی رامچندرا راؤ ( ایسٹ گوداوری ) ، سیٹنگ ایم ایل سی اے راما موہن ، ایم ستیہ نارائنا راجو ( ویسٹ گوداوری ) ، بی راجا نرسمہلو عرف دورابابو ( چتور ) کے علاوہ دیپک ریڈی ( اننت پور ) شامل ہیں ۔ یہ تمام نشستیں متعلقہ حلقہ مجالس مقامی ادارہ جات کے تحت بلا مقابلہ حاصل ہوئی ہیں ۔ ریٹریننگ آفیسر نے چھ امیدواروں کے انتخاب کا اعلان کیا ہے ۔ دوسری طرف ریاست کی اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے مقامی ادارہ جات کے تحت اپنے امیدواروں کو میدان میں مقابلہ کے لیے نہیں اتارا تھا کیوں کہ اس پارٹی کو مقامی ادارہ جات میں کوئی نمائندگی نہیں ہے جب کہ نیلور ، کرنول اور کڑپہ میں مقامی ادارہ جات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اکثریت کے باعث مابقی تین ارکان کونسل کی نشستوں کے لیے تلگو دیشم اور وائی ایس آر سی پی کے درمیان مقابلہ یقینی ہوگیا ہے ۔ اس دوران نیلور میں سیٹنگ ایم ایل سی وی نارائنا ریڈی تلگو دیشم کو وائی ایس آر سی پی کے امیدوار انم وجئے کمار ریڈی کے ساتھ سخت مقابلہ درپیش ہے جب کہ کرنول سے تلگو دیشم ڈسٹرکٹ صدر شلپا چکراپانی ریڈی و وائی ایس آر سی پی کے امیدوار جی وینکٹ ریڈی کے ساتھ اور کڑپہ میں صدر وائی ایس آر سی پی و قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی کے رشتہ دار و سابقہ ایم ایل سی وائی ایس ویویکانندا ریڈی کا تلگو دیشم امیدوار بی روی کے ساتھ مقابلہ درپیش ہے ۔۔