آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں موسلا دھار بارش

گوداور کی سطح آب میں اضافہ ، ضلع رنگا ریڈی کے نالے لبریز
حیدرآباد 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) اڈیشہ کے جنوبی ساحل اور شمالی آندھرا پردیش سے متصلہ شمالی مغربی اور مغرب وسطی خلیج بنگال میں ہوا کے دباو میں زبردست کمی کے اثر سے آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مانسون غیر معمولی طور پر سرگرم رہا جس کے نتیجہ میں اکثر مقامات پر موسلا دھار دار بارش ہوئی ۔ وشاکھاپٹنم میں طوفانی وارننگ سنٹر نے ماہی گیروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سمندر سے دور ہیں کیونکہ ساحل کے قریب 45 تا 55 کیلو میٹر کی رفتار سے طوفانی ہواوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ تلنگانہ میں شدید بارش کے سبب حیدرآباد کے پڑوسی ضلع رنگا ریڈی کے سینکڑوں مواضعات کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا جہاں مانسا پلی اور کنڈنیل کے موسمی نالے پوری طرح لبریز ہوگئے ہیں اور پانی کی سطح سڑکوں اور میدانی علاقوں تک بڑھ گئی ہے ۔ ویرا سٹی پلی کے قریب دریا کاگنا بھی لبریز ہوگیا ہے۔موسلادھار بارش کے دوران برقی سربراہی مسدود رہی اور کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ۔ اس طرح دریائے گوداوری حکام کی نیندیں حرام کر رکھی ہے کیونکہ ضلع کھمم میں مندروں کے شہر بھدراچلم کے قریب دریا کا پانی خطرہ کے نشان کے قریب پہونچ رہا ہے ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے دونوں ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے اکثر مقامات پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ اس دوران حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں آج دن بھر وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ تاہم ہفتہ واری تعطیل ہونے کے سبب عام زندگی پر زیادہ اثر نہیں پڑا لیکن برسات کے دوران اہم سڑکوں پر پڑنے والے کھڈ کے نتیجہ میں بارش کے اختتام کے باوجود ٹریفک کی آمد و رفت میں مسلسل رکاوٹیں دیکھی گئیں۔