چندرا بابو پر اسمبلی کو سیاسی مقصد براری کے لیے استعمال کا الزام ، ٹی آر ایس قائدین کا شدید ردعمل
حیدرآباد۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی نے آندھرا پردیش اسمبلی کے اجلاس میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اور تلنگانہ کے وزراء کے خلاف بیانات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ رکن کونسل کے پربھاکر اور رکن اسمبلی جی بالراجو نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آندھرا پردیش اسمبلی میں عوامی مسائل پر مباحث کے بجائے تلنگانہ حکومت پر تنقید کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی حکومت اور عوامی نمائندے اپنی ریاست کے عوامی مسائل کی یکسوئی میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے، یہی وجہ ہے کہ اسمبلی اجلاس میں ایک دوسرے پر تنقید اور تلنگانہ مسئلہ پر مباحث کے ذریعہ وقت ضائع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو، آندھرا پردیش کے عوام کی بھلائی کے بجائے اسمبلی کا استعمال سیاسی مقصد براری کیلئے کررہے ہیں۔ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں ملوث چندرا بابو نائیڈو اس اسکام سے خود کو بچانے کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ پر الزامات عائد کررہے ہیں۔ کے پربھاکر نے کہا کہ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں چندرا بابو نائیڈو کا ملوث ہونا ثابت ہوچکا ہے اور اینٹی کرپشن بیورو نے اپنی چارج شیٹ میں ثبوت کا بھی حوالہ دیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے ٹی آر ایس رکن اسمبلی اسٹیفنسن سے فون پر جو بات چیت کی تھی، اس کی فارنسک رپورٹ میں چندرا بابو نائیڈو کی آواز کا ہونا ثابت ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اس اسکام سے بچنے کیلئے لاکھ کوشش کرلیں
لیکن قانونی شکنجہ سے وہ نہیں بچ نہیں پائیں گے۔ پربھاکر نے کہا کہ اسکام کے بارے میں قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی کی جانب سے اُٹھائے گئے سوالات کا جواب دینے کے بجائے چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش کی تقسیم کا مسئلہ چھیڑ دیا اور ٹی آر ایس پر تنقید کی۔ رکن اسمبلی بالراجو نے کہا کہ ریونت ریڈی کے ذریعہ کونسل انتخابات میں ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کا جو ویڈیو ٹیپ اینٹی کرپشن بیورو کے پاس موجود ہے، اس میں ریونت ریڈی واضح طور پر چندرا بابو نائیڈو کی طرف اشارہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عدالت نے ریونت ریڈی کو ان کے حلقہ انتخاب تک محدود کردیا ہے، اسی طرح چندرا بابو نائیڈو کو بھی حلقہ اسمبلی کپم تک محدود کرنے کیلئے عدالت میں درخواست پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی ترقی اور عوامی بھلائی کو نظرانداز کرتے ہوئے تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی سازش کی گئی۔ انہوں نے آندھرائی قائدین کو متنبہ کیا کہ وہ چیف منسٹر اور تلنگانہ کے قائدین پر تنقیدوں سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ چندرا بابو نائیڈو نے کس طرح غیرجمہوری طریقے اختیار کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کے خلاف سازش کی تھی۔